اسلام آباد (سپیشل رپورٹ، آن لائن) وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور ان کے افغانی ہم منصب حضرت عمر زخیلوال کے درمیان گذشتہ روز ٹیلیفون پر گفتگو ہوئی‘ دونوں رہنمائوں نے پاک افغان اقتصادی اشتراک پر تبادلہ خیال کیا۔ محکمہ اطلاعات و نشریات کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عمر زخیلوال نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو ٹیلی فون کرکے اقتصادی تعاون و شراکت پر تبادلہ خیال کیا اور اس سلسلے میں پاکستان کی کوششوں کا اعتراف کیا۔ انہوں نے افغان صدر اشرف غنی کی دورہ پاکستان کے بعد دو طرفہ تعلقات میں گرمجوشی پر وزیر اعظم نواز شریف اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو نیک خواہشات پہنچائیں۔ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پا کستان برادر اسلامی ملک افغانستان میں امن و سلامتی اور اقتصادی ترقی کے مد میں ہونے والی بہتری کو سراہتا ہے اور افغان سرزمین پر جاری کئے گئے اقتصادی منصوبوں پر خاص توجہ دیتا ہے۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے طورخم ‘ جلال آباد شاہراہ کا خاص طورپر ذکر کیا جس کیلئے فنڈز جاری کئے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سال مئی میں رحمن بابا سکول بوائز ہاسٹل مکمل کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر نے اس بات کا اعادہ کیا کہ حکومت پاکستان برادر پڑوسی ملک افغانستان کے ساتھ سڑکو ں اور ریلوں کے ساتھ مربوط ہونے اور توانائی کے منصوبوں پر خصوصی توجہ دے گی۔ افغان وزیر نے اسحاق ڈار کی دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کی مضبوطی کی اہمیت کے حامل معاملات میں ذاتی دلچسپی لینے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور ٹرانزٹ ٹریڈ کے منصوبوں میں ہونے والی پیش رفت کا خاص طور پر ذکر کیا۔
افغان وزیر خزانہ کا اسحاق ڈار کو فون، اقتصادی تعاون وشراکت پر تبادلہ خیال
Mar 09, 2015