نجی سکول مالکان کے ایک گروپ کی ہڑتال ختم: فیس خود نہیں بڑھائی جا سکے گی، آرڈیننس جاری

Mar 09, 2016

فیصل آباد+ لاہور (نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ+ صباح نیوز+ نامہ نگاران) پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن نے ہڑتال ختم کردی۔ آل پاکستان پرائیویٹ سکولز فیڈریشن نے غیرمعینہ مدت کیلئے ہڑتال کا اعلان کردیا جبکہ گورنر پنجاب نے نجی تعلیمی اداروں کو ریگولیٹ کرنے کے بل پر دستخط کردئیے ہیں جس کے بعد نئے قانون کے تحت اب نجی تعلیمی ادارے ازخود فیسوں میں اضافہ نہیں کرسکیں گے۔ وزیر تعلیم پنجاب رانا مشہود اور جوائنٹ ایکشن کمیٹی پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے۔ رانا مشہود نے کہا ہے کہ نجی سکول 5 فیصد سے زیادہ فیس نہیں بڑھا سکیں گے۔ آرڈیننس کو 6 ماہ ہو گئے ایک سکول کیخلاف بھی کارروائی نہیں کی۔ نمائندہ خصوصی کے مطابق فیصل آباد میں وزیرتعلیم رانا مشہود اور پرائیویٹ سکول ایسوسی ایشن کے درمیان ہونے والے مذاکرات کامیاب ہو گئے ۔ پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن نے ہڑتال ختم کر دی۔ گزشتہ روز صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود خان فیصل آباد کے دورہ پر تھے اس دوران پرائیویٹ سکول ایسوسی ایشن کے ایک وفد نے ان سے نجی سکولوں کو درپیش مسائل اور اس کی بناء پر ہڑتال کے بارے میں بات چیت کی جس کے بعد صوبائی وزیر رانا مشہود کی جانب سے پرائیویٹ سکول ایسوسی ایشن کو با قاعدہ مزاکرات کی دعوت دی گئی رانا مشہود اور پرائیویٹ سکول ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کے درمیان فیصل آباد ایجو کیشن بورڈ میں طویل مذاکرات ہوئے جس میں صوبائی وزیر رانا مشہود پرائیویٹ سکول ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کو منانے میں کامیاب ہو گئے اور انہوں نے پرائیویٹ سکول ایسوسی ایشن کے مطالبات کو وزیر اعلی پنجاب تک پہنچانے اور ان مطالبات پر عملدرآمد کروانے کی یقین دہانی کروائی جس پر پرائیویٹ سکول ایسوسی ایشن نے آج ہونے والی ہڑتال کی کال واپس لے لی ہے۔ قبل ازیں آل پاکستان پرائیویٹ سکولز فیڈریشن اور پاکستان ایجوکیشن کونسل کی کال پر پنجاب میں بیشتر پرائیویٹ سکولز بند رہے۔ جس کے باعث والدین کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ نارووال سے نامہ نگار کے مطابق پاکستان ایجوکیشن کونسل اور پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن کی کال پر نارووال میں بھی پرائیویٹ سکولوں نے ہڑتال کی۔ ہڑتال کی وجہ سے والدین اور بچوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔ پاکپتن سے نامہ نگار کے مطابق آل پاکستان پرائیویٹ سکول ایسوسی ایشن کی اپیل پر پرائیویٹ سکولوں کی جزوی ہڑتال رہی چند ایک سکولوں کے سوا پاکپتن کے اکثریتی پرائیویٹ سکول کھلے رہے۔ جہاں اساتذہ نے اپنی تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھیں۔ علاوہ ازیں آل پاکستان پرائیویٹ سکولز فیڈریشن نے غیرمعینہ مدت کیلئے ہڑتال کا اعلان کر دیا۔ صدر فیڈریشن کاشف مرزا نے کہا ہے کہ پرائیویٹ سکول اتھارٹی بل کی واپسی تک ہڑتال جاری رہے گی۔ سکول مالکان کو تقسیم کرنے کی سازش کامیاب نہیں ہو گی۔نجی ٹی وی کے مطابق پنجاب میں تمام نجی تعلیمی اداروں کو ریگولیٹ کردیا گیا ہے جبکہ بل پرگورنر پنجاب رفیق رجوانہ نے دستخط کر دیئے ہیں جس کے بعد صوبائی وزارت قانون نے گزٹ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔ نئے قانون کے تحت پنجاب بھر میں نجی تعلیمی ادارے ازخود فیسوں میں اضافہ نہیں کرسکیں گے اور فیسں میں اضافے کے لئے انہیں رجسٹریشن اتھارٹی سے اجازت لینا ہوگی۔ بل کے مطابق تمام نجی تعلیمی اداروں کو مختلف کیٹیگریز میں تقسیم کرنے کے بعد پابند کیا گیا ہے کہ رواں سال فیسوں میں اضافہ نہیں کیا جائے گا اور اگر کسی نے فیسوں میں اضافے کی ضرورت محسوس کی تو اسے حکومت پنجاب کی رجسٹریشن اتھارٹی کو درخواست دینا ہوگی۔ نامہ نگاران کے مطابق مریدکے میں تمام سکول کھلے رہے۔ پتوکی میں سکول کھل رہے جبکہ ایک سکول بند ہے۔ صفدر آباد میں بھی تدریسی عمل جاری رہا۔ علاوہ ازیں گورنر ملک ملک رفیق رجوانہ نے پرائیویٹ سکول مالکان کو وزیراعلیٰ کے ساتھ مذاکرات کی دعوت دیدی۔

مزیدخبریں