جھوٹے مقدمات ختم ہونے کا وقت قریب آگیا، جلد عوام کے سامنے ہونگا: مشرف

Mar 09, 2016

اسلام آباد (آن لائن ) سابق صدرو چیئر مین آل پاکستان مسلم لیگ پرویز مشرف نے کہا ہے کہ انکے خلاف قائم جھوٹے مقدمات ختم ہونے کا وقت قریب آگیا ہے، جلد عوام کے سامنے ہوں گا، ملکی حالات کی بہتری جمہوری نظام میں مضمر ہے، کارکن اپنے صفوں میں اتحاد پیدا کریں اور پارٹی کو ایک مضبوط سیاسی قوت بنانے کے لیے اقدامات کریں۔ ہم نے اپنے دور میں خواتین کی مضبوطی کے لیے سب سے زیادہ اقدامات کیے جس کی وجہ سے خواتین اسمبلیوں سمیت ہر فورم پر اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کر رہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے خواتین ونگ کے زیر اہتمام ورکر کنونشن سے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پرویز مشرف نے کہا ہے کہ مجھے ہمیشہ سے خواتین کے حقوق کا خیال رہا ہے اور اپنے دور حکومت میں خواتین کو قومی اسمبلی، سینٹ، صوبائی اور لوکل باڈیز گورنمنٹ میں نمائندگی دلائی اور انکے لیے زیادہ نشستیں مخصوص کیں۔ ہم نے خواتین کا تعلیم صحت میں کوٹا بڑھایا، انہوں نے کہا کہ ہمارے اقدامات کی وجہ سے خواتین میں اپنے حقوق سے متعلق شعور بیدار ہوا اور اب خواتین کو اپنے حقوق کا احساس ہو رہا ہے ہمارے ملک کی خواتین اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کر رہی ہیں۔ پرویز مشرف نے کہا کہ 2008میں پاکستان کو انچائی پر چھوڑا تھا مگر بدقسمتی سے گزشتہ 8 سالوں میں ملک تسلسل سے تنزلی کی طرف جا رہا ہے۔ ہماری حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے پوری دنیا میں پاکستانیوں کے سر فخر سے بلند ہوتے تھے، لیکن اب پاکستانی دنیا میں اپنی شناخت چھپاتے پھر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی سیاست دان جمہوریت راگ الاپتے ہیں لیکن انہیں یہ نہیں پتا کہ جمہوریت میں عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنا پڑتا ہے، انہوں نے کہا کہ جمہوریت ، بادشاہت اور ڈکٹیٹر شپ کی طرح کا ایک حکومتی نظام ہے، بہتری کا انحصار کارکردگی پر ہے کہ کونسا نظام بہتر ہے، کون سا نظام حکومت عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کام کر رہا اور ملک کو کتنی ترقی دے رہا ہے۔

مزیدخبریں