خواتین کی ترقی کے عمل میں شمولیت کے خلاف مزاحمت مناسب نہیں: شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر+ لیڈی رپورٹر+ خبرنگار) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے پاکستان کی نصف آبادی (خواتین) پر مشتمل ہے اور ملک کی اس نصف آباد ی کو عملی میدان سے دور رکھ کرترقی کی منزل کا حصول ممکن نہیں۔ پاکستان کی خواتین باصلاحیت ہیں جنہوں نے زندگی کے تمام شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔آج کا تاریخی دن اس بات کا متقاضی ہے ہم اپنے رویوں اور سوچ میں تبدیلی لانے اور خواتین کو ان کا جائز مقام دلانے کا عہد کریں۔ ملک کو بانیان پاکستان کے تصورات کے مطابق صحیح معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست کیلئے مرد وخواتین کو ملکر آگے بڑھنا ہے اور غربت و جہالت کے خاتمے کے سفر کو تیزی سے طے کرنا ہے۔ انتہا پسندی اور عدم برداشت کے رویوں نے ملک میں انتشار پیدا کیا ہے۔ ہمیں دین اسلام کی تعلیمات، اسوہ حسنہؐ اور قائد اعظم و علامہ اقبال کے افکار سے رہنمائی لیتے ہوئے ان چیلنجز کا مقابلہ کرنا ہے۔ شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار یہاں ایوان اقبال میں خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا آج دنیا بھر میں خواتین کا عالمی دن منایا جارہا ہے ہم بھی اسلامی اقدار، آئین پاکستان اور قائداعظم کے ویژن کے مطابق یہ دن منا رہے ہیں۔ بدقسمتی سے عدم برداشت کے رویوں نے ہمارے معاشرے کو نقصان پہنچایا، خواتین کے حقوق اور عورت کی عظمت کے حوالے سے بات آتی ہے تو پھر اس کے بارے میں بعض حلقوں میں یہ تاثر پیدا کرنے کی کوشش کی جاتی ہے خدانخواستہ یہ اسلامی تعلیمات کے خلاف ہے۔ ہمیں اپنے رویوں اور سوچ میں تبدیلی لانا ہو گی۔ علمائے کرام کو ممبر رسولؐ سے عورتوں کے اعلی مقام کو اجاگر کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ ترکی، انڈونیشیا، ملائشیا، اردن اور دیگر اسلامی ممالک کی ترقی میں خواتین نے مردوں کے شانہ بشانہ کام کیا ہے لیکن ہمارا ملک جسے اسلامی جمہوریہ پاکستان کے نام سے جانا جاتا ہے یہاں خواتین کی ترقی کے عمل میں شمولیت کے خلاف مذاحمت کسی طورپر مناسب نہیں۔ آج قوم کی بیٹیاں تعلیم کے میدان میںقوم کے بیٹوں سے آگے نکل چکی ہے۔ خواتین کو ترقی کے عمل میں شامل اور جائز مقام دیئے بغیر پاکستان آگے نہیں بڑھ سکتا۔ وقت کا تقاضا ہے عملی میدان میں خواتین کی شمولیت یقینی بنائی جائے اور ان کی صلاحیتوں سے استفادہ کیا جائے۔ مزید براں شہباز شریف نے یہاں پی اے ایف بیس، سرور روڈ لاہورکینٹ میں ٹیچرز ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ برائے خصوصی تعلیم کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا۔ چیف آف دی ائیرسٹاف ائیرچیف مارشل سہیل امان، صوبائی وزیر سپیشل ایجوکیشن آصف منیس اور پاک فضائیہ کے اعلیٰ افسران بھی اس موقع پرموجود تھے۔ شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا آج ایک عظیم مقصد کیلئے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا گیا ہے۔ چیف آف دی ائیر سٹاف ائیر چیف مارشل سہیل امان کی اس منصوبے کیلئے کمٹمنٹ اور کاوشیں قابل تحسین ہیں۔ پنجاب حکومت نے انسٹی ٹیوٹ کی تعمیر کیلئے وسائل فراہم کئے ہیں اور آئندہ بھی اس نیک مقصد کیلئے معاونت جاری رکھیں گے۔ خصوصی بچوں کو تعلیم و تربیت کی جدید سہولتیں مہیا کرکے معاشرے کا مفید رکن بنایا جا سکتا ہے۔ صاحب حیثیت افراد کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس کارخیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی بچوں کی بحالی، نگہداشت اور تعلیم تربیت کیلئے اقدامات کرنا حکومت پنجاب کا فرض بھی ہے اور ہم پر قرض بھی اور اس نیک مقصد کیلئے پنجاب حکومت اپنی ذمہ داریاں ادا کرتی رہے گی۔ وزیراعلیٰ نے بیلچے کے ساتھ کھدائی کر کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا۔ مزید براں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف اور پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان کی یہاں ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی اور پاک فضائیہ کے پیشہ ورانہ امور پر بات چیت کی گئی۔ وزیراعلیٰ نے آپریشن ضرب عضب میںپاک فضائیہ کے شاہینوں کی شاندار کامیابیوں کو سراہا۔ وزیراعلیٰ نے کہا پاک فضائیہ دنیا کی بہترین فضائی فورس ہے اور پوری قوم کو پاک فضائیہ کے شاہینوں کی بہادری اور جرأت پر فخر ہے۔ شہباز شریف سے ارجنٹائن کے سفیر روڈلفو جوزی مارٹن سراویا نے بھی ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ارجنٹائن کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے اوراس ضمن میں دونوں ممالک کے درمیان بزنس وفود کے زیادہ سے زیادہ تبادلوں سے معاشی و اقتصادی تعلقات فروغ پائیں گے۔ خبرنگار کے مطابق وزیراعلیٰ نے پاک فضائیہ کے سکول برائے خصوصی تعلیم لاہور کا دورہ بھی کیا۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...