راولپنڈی (آئی این پی) شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف پاک فوج کا آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے، پاک فوج نے پاک افغان سرحد کے قریب اہم چوٹیوں اور دروں کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔ شوال میں آرمی ایوی ایشن اور پاک فضائیہ کے مشترکہ فضائی اور زمینی آپریشن کے نتیجے میں 21دہشت گرد مارے گئے جبکہ متعدد ٹھکانے تباہ کر دیئے گئے۔ منگل کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف پاک فوج کا آپریشن ضرب عضب اپنے پلان کے مطابق کامیابی سے جاری ہے۔ گزشتہ روز پاک فضائیہ اور آرمی ایوی ایشن نے شوال میں بھاگنے والے دہشت گردوں کا تعاقب کرتے ہوئے فضائی اور زمینی آپریشن کیا جس کے نتیجے میں 21 دہشت گرد مارے گئے۔ پاک فوج نے بھاگنے والے دہشت گردوں کو گھیرے میں لے کر پاک افغان سرحد کے قریب اہم چوٹیوں اور دروں کا کنٹرول سنبھال لیا۔ وادی شوال میں دہشت گردوں کے خاتمے کے لئے آپریشن جاری ہے جس میں پاک فضائیہ اور آرمی ایوی ایشن سمیت پاک فوج کے زمینی دستے بھی آپریشن میں مصروف ہیں۔