لاہور (سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) حکومت نے زمبابوے کی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کیلئے باضابطہ دعوت دیدی ہے۔ زمبابوے کے وزیر کھیل نے وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ امور ریاض پیرزادہ سے ملاقات کی۔اس موقع پر زمبابوے کے وزیر کھیل نے کہا کہ لاہور میں پی ایس ایل کے انتظامات دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ہے اور ٹیم کے دورہ پاکستان کیلئے کرکٹ بورڈ سے بات کروں گا،حکومت پاکستان کی سفارشات وزیراعظم کےسامنے رکھوں گا۔ پی ایس ایل کے انتظامات دیکھ کر خوشی ہوئی ، کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کیلئے کرکٹ بورڈ سے بات کریں گے، کرکٹ کے ذریعے پاک زمبابوے تعلقات مزید بہتر ہو سکتے ہیں۔زمبابوے کرکٹ بورڈ کے سربراہ نے کہا کہ پاکستان کے بارے میں غلط افواہیں پھیلائی جاتی ہیں ،پاکستان میں سکیورٹی کی صورتحال بہت بہتر ہے پاکستان کی سکیورٹی اتنی بری نہیں ہے جتنی بری رپورٹ ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پی ایس ایل کی سکیورٹی دیکھی جو کہ بہترین تھی۔زمبابوے کرکٹ بورڈکے چیئر مین نے بتا یا کہ میں نے لاہور ،سیالکوٹ اور اب اسلام آباد کا دورہ کیا تاکہ سکیورٹی انتظامات دیکھ سکوں اورمیں نے یہاں کی سکیورٹی صورتحال کو بہتر پایا۔یاد رہے کہ زمبابوے کے وزیر کھیل اس وقت پاکستان کے دورے پر موجود ہیں اور انہوں نے قذافی سٹیڈیم میں پی ایس ایل کا فائنل بھی دیکھا تھا۔زمبابوے کی کرکٹ ٹیم اس سے قبل بھی پاکستان کا دورہ کرچکی ہے جس میں تین ون دے انٹرنیشنل میچز کھیلے گئے تھے۔