اسلام آباد (محمد نواز رضا/ وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ کویت نے تاحال پاکستان پر 6سال سے عائد ویزوں کی پابندی ختم کرنے کا فیصلہ نہیں کیا ہے تاہم اس مسئلہ پر وزیراعظم محمد نواز شریف نے کویتی ہم منصب کے سامنے پاکستانیوں پر عائد پابندی کا معاملہ بھرپور انداز میں اٹھایا ہے۔ کویتی حکومت کی جانب سے اس بارے میں ’’مثبت جواب‘‘ کا انتظار ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم محمد نواز شریف کے دورہ کویت کے دوران کویتی حکام سے مذاکرات میں ویزوں پر پابندی ختم کرنے کا معاملہ سرفہرست تھا۔ اگرچہ کویتی حکام کی جانب سے پرجوش رسپانس دیا گیا تاہم ویزوں پر پابندی ختم کرنے کا فوری فیصلہ نہیں ہوا۔ وزیراعظم محمد نواز شریف کی کویتی ہم منصب سے مذاکرات کے مثبت نتائج آئندہ چند دنوں سامنے آئیں گے۔