اسلام آباد(آن لائن)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ہمیں اسلامی اقدار پر عمل پیرا ہوتے ہوئے خواتین کی عزت کرنی چاہئے کیونکہ تعمیر ملت میں خواتین کا انتہائی اہم کردار ہے۔ گزشتہ روز عالمی یوم نسواں کے موقع پر تحریک انصاف کے چیئرمین نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ میں کہا کہ قوم کی بہادر مائوں، بیٹیوں اور بہنوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ہمیں صرف خواتین سے امتیازی سلوک پر نہیں لڑنا چاہئے بلکہ اسلامی اقدار پر عمل پیرا ہوتے ہوئے خواتین کو عزت کیساتھ انکے حقوق دینے چاہئیں۔ چیئرمین تحریک انصاف نے بنی گالہ میں تحریک انصاف کے رہنماؤں سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ پانامہ کیس کافیصلہ ملک کی تاریخ بدلے گا۔کرپٹ مافیاکے لوگ اپوزیشن سمیت ہرسیاسی جماعت میں ہیں ،امیدہے کہ ملک میں اصل سیاستدان سامنے آئیں گے پھٹیچر نہیں۔ دریں اثناء چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان آج پشاورکاایک روزہ دورہ کریں گے۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین عمران خان وزیراعلیٰ ہاؤس میں اہم اجلاس کی صدارت کریںگے۔
تعمیر ملت میں خواتین کا کردار اہم، ان کی عزت کرنی چاہیے: عمران خان
Mar 09, 2017