اسلام آباد(خصوصی نمائندہ) وفاقی وزیر برائے پانی و بجلی خواجہ آصف نے کہا ہے کہ 2018 میں لوڈ شیڈنگ کا مکمل خاتمہ ہو جائے گا اس سال گرمیوں میں لوڈ شیدنگ کم سے کم ہوگی۔ وفاقی حکومت پن بجلی کے وسائل کو زیادہ سے زیادہ ترقی دینے کیلئے پُرعزم ہے تاکہ سستی بجلی کی پیداوار کے ذریعے ملک سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا جائے اور لوگوں کو ریلیف مہیا کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی تعمیر ہماری حکومت کے اسی عزم کی عکاس ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ منصوبے پر دستخط کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ واپڈا نے منصوبے کے مین سول ورکس کی تعمیر کیلئے چائنا گزوبہ گروپ کمپنی (سی جی جی سی) کے ساتھ دو معاہدوں پر دستخط کئے۔ ایم ڈبلیو 1- معاہدے کی مالیت 115 ارب روپے جبکہ ایم ڈبلیو2- معاہدے کی مالیت 64ارب 40کروڑ روپے ہے۔ وزیرِمملکت برائے پانی و بجلی چودھری عابد شیر اور چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل مزمل (ریٹائرڈ) بھی تقریب میں شریک ہوئے۔