وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ٹھٹھہ کے عوام کی محبت کا محبت سے جواب دے رہا ہوں، میں پہلے بھی ٹھٹھہ آنا چاہتا تھا۔ ٹھٹھہ آ کر بہت خوشی ہوئی، خوشی میں ہوا بھی چل رہی ہے۔ ٹھٹھہ کے عوام سے محبت اور دوستی کا رشتہ نبھائیں گے۔ اللہ کے فضل و کرم سے یوتھ اور لیبر ونگ قائم و دائم ہیں۔ ہم آج محبت کے رشتے میں بندھ گئے ہیں اور میں یہ رشتہ نبھاؤں گا۔ ٹھٹھہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا وفاقی حکومت تمام مسائل کے حل کا وعدہ کر رہی ہے۔ آپ کے چہروں پر خوشی کی لہر دیکھ رہا ہوں۔ ہم سندھ کے قصبوں اور گوٹھوں کو ایک نیا ولولہ دیں گے۔ ہم آپ کو بجلی، پانی،سڑکیں، موٹرویز دیں گے۔ سندھ کی محرومیوں کو دور کرنے کا عزم کیا ہے۔ سندھ کی تعمیرنو کریں گے، عوام کے زخموں پر مرہم رکھیں گے۔وزیراعظم نے کہا کوئی اور سندھ کے عوام کے مسائل حل نہیں کرے گا تو ہم کریں گے۔ سندھ کے دیہات کو پنجاب کے شہروں سے بھی بہتر بنائیں گے۔ یہ کام مشکل ہے لیکن انشااللہ عوام ساتھ ہیں تو مل کر تعمیر کریں گے۔وزیراعظم نے کہا کہ شاہ عبدالطیف بھٹائی اور لعل شہباز قلندر کی دھرتی کی پیاس بجھائیں گے۔ ہم کراچی کو بھی خوبصورت بنائیں گے۔وزیراعظم نے کہا کہ ٹھٹھہ کیلئے ہیلتھ کارڈ کا اعلان کرتا ہوں۔ یہ ہیلتھ کارڈ پنجاب، بلوچستان اور آزادکشمیر میں شروع کیا جا چکا ہے۔ سندھ اور خیبر پی کے حکومتوں نے کہا ہے کہ یہ کام ہم خود کریں گے۔ ہم نے کہا یہ کام صوبے کا نہیں، غریب لوگوں کا ہے۔ ہیلتھ کارڈ پر غریب آدمی کا علاج مفت کیا جاتا ہے۔ بیماری میں گھر، جائیداد بک جاتی ہے، علاج کے پیسے پورے نہیں ہوتے۔ علاج کیلئے پھر قرضہ لینا پڑتا ہے۔ مجھے اچھا نہیں لگا کہ صوبائی حکومت نے کہا ہم کوئی حصہ نہیں ڈالیں گے۔ صحت کارڈ پر کسی غریب کو علاج سے انکار نہیں کیا جائے گا۔ ہم اس لئے یہ سب کر رہے ہیں کہ مخلوق بھی خوش ہو اور خالق بھی راضی ہو جائے۔وزیراعظم نے کہا کہ ٹھٹھہ کے عوام کیلئے ہیلتھ کارڈ جاری کرنے میں خود آؤں گا۔ سجاول، ٹنڈو محمد خان بھی اس میں شامل ہیں۔ ٹھٹھہ میں 500 بیڈز کا ہسپتال تعمیر کیا جائے گا۔ وزیراعظم نے کہا عوام بجلی کا بل ضرور ادا کریں۔ شیرازی برادران جتنی کہیں گے، بجلی دی جائے گی۔ سمندری کٹاؤ سے زمین کو بچانے کیلئے حفاظتی بند تعمیر کیا جائے گا۔ منصوبے کیلئے 50 کروڑ بھی جاری کرنے کے احکامات دئیے ہیں۔وزیراعظم نے کہا سندھی شاعر علی محمد کا سرکاری خرچ پر علاج کرایا جائے گا۔ بجلی کے وزیر اور سیکرٹری کو یہاں بھجواؤں گا جو یہاں کا مسئلہ حل کریں گے۔ پورے ملک میں بجلی کی فراہمی بہت بہتر ہوئی ہے۔ اتنے بڑے پیکج تو کراچی اور پشاور کو نہیں ملے جو آج ٹھٹھہ کو مل گئے۔ ٹھٹھہ اور سجاول میں گیس کی فراہمی کیلئے حکم جاری کر دیا ہے۔ گیس کی فراہمی پر 110 کروڑ روپے خرچ آئے گا۔ این ایچ اے کو کہا ہے کہ منصوبے کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کی جائیں۔ وزیراعظم نے کہا کراچی سے حیدرآباد تک 6لین موٹروے تقریباً تیار ہے۔ پانی کی نکاسی، صاف پانی کیلئے 20,20 کروڑ روپے کا اعلان کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا جو کہتا ہوں وہ کرکے دکھاتا ہوں۔ وزیراعظم نے 250دیہات کو بجلی فراہم کرنے اور گیس منصوبوں کیلئے 110 ارب روپے دینے کا اعلان کیا۔ دریں اثناءوزیراعظم محمد نواز شریف نے وزارت مذہبی امور کو ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عازمین حج کی رہائش ‘ کھانا اور سفری سہولتوں کو مزید بہتر بنایا جائے‘ منیٰ‘ عرفات اور مزدلفہ میں حاجیوں کو تین وقت کے کھانے کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا حکومت اﷲ کے مہمانوں کو ہر ممکن سہولتیں فراہم کرے گی۔ مذہبی ذمہ داری سمجھتے ہوئے حاجیوں کو سہولتیں فراہم کی جائیں۔ وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے وزیراعظم نواز شریف کو حج 2017 پر بریفنگ دی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے انہیں ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وزارت مذہبی امور حج انتظامات کو مزید بہتر کرنے کے لئے اقدامات کرے۔