لاہور (وقائع نگار خصوصی + اپنے نامہ نگار سے) چیف جسٹس ثاقب نثار نے سیشن کورٹ‘ لاہور بار ایسوسی ایشن اور جوڈیشل کمپلیکس کا تفصیلی دورہ کیا اور دورے کے دوران ان کا کہنا تھا کہ ججز دن رات کام کریں۔ ڈسٹرکٹ جوڈیشری کے اہلکار میرے سپاہی ہیں۔ چیف جسٹس پاکستان نے سائلین اور وکلاء سے بات چیت کی اور ان سے مسائل پوچھے۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عابد حسین قریشی نے چیف جسٹس پاکستان کو کیسز کی سماعت اور سکیورٹی کے انتظامات کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ چیف جسٹس کے دورے کے دوران لاہور بار کابینہ بھی ہمراہ تھی۔ چیف جسٹس نے سپیشل کورٹس کا بھی دورہ کیا۔ چیف جسٹس نے ہائیکورٹ بار کی نومنتخب قیادت کو مبارکباد دی اور وکلاء کے مسائل سنے۔ اس دوران وکلاء چیف جسٹس کے ساتھ سیلفیاں بھی بناتے رہے۔ جسٹس ثاقب نثار نے ماضی کی یادیں تازہ کیں‘ کہا کہ وہ اپنے گھر آئے ہیں۔