لاہور/اسلام آباد (لیڈی رپورٹر+ خصوصی نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی) دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی عورتوں کا دن منایا گیا۔ دن کی مناسبت سے سیاسی و سماجی تنظیموں نے سیمینار‘ ریلیوں اور مذاکروں کا اہتمام کیا۔ جن میں خواتین کے حقوق کو اجاگر کیا گیا۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا حکومت کاغذی اقدامات کی بجائے خواتین کی ترقی‘ خوشحالی‘ معاشی خود انحصاری کیلئے ٹھوس اقدامات کرے۔ آئی این پی کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے خواتین کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے پاکستان کی عظیم خواتین کا ملک کی ترقی میں اہم کردار ہے‘ خواتین یونیفارم میں ہوں یا گھر میں ان کا کردار قابل فخر ہے۔ انہوں نے کہا مسلح افواج میں خدمات سرانجام دینے والی خواتین پر فخر ہے۔ شہداء کے خاندان کی خواتین پر خاص طور پر فخر ہے۔ پاکستان کی عظیم خواتین کا ملک کی ترقی میں اہم کردار ہے۔ خواتین پر ملکی ترقی کی اہم ذمہ داری ہے۔ ہمیں خواتین کے کردار اور خدمات پر فخر ہے۔ خواتین یونیفارم میں ہوں یا گھر میں ان کا کردار قابل فخر ہے۔ اے پی پی کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے ’’وقت بدل چکا، دور اک نیا ہے، نئی تاریخ لکھی جا رہی ہے، آنے والے کل میں، ہر پل ہر کنول میں، مجھے آگے ہی پائے گی‘‘ خصوصی نغمہ جاری کر دیا ہے۔اسلام آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق خواتین کے عالمی دن کے موقع پر وزیراعظم آفس میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا حکومت نے خواتین کے حقوق کے تحفظ کے سلسلے میں پارلیمنٹ میں متعدد قانونی اور انتظامی اقدامات اٹھائے ہیں۔آج بھی خواتین کو مختلف چیلنجز درپیش ہیں۔ یہ سائل ہماری مشترکہ کوششوں سے حل ہوں گے۔ تقریب میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی خواتین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔این این آئی کے مطابق وزیراعظم نے کہا خواتین نے ہر شعبہ میں صلاحیتوں کا لوہا منوایا، بااختیار بنانے کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے۔ خصوصی نامہ نگار کے مطابق امیرجماعت اسلامی سراج الحق نے عالمی یوم خواتین کے موقع پراپنے پیغام میں کہا ہے اسلام ہی واحد دین ہے جو عورتوں کے حقوق کا محافظ ہے ۔ اسلام نے عورت کو وراثت کا حق اور عورت کو ماں بہن اور بیٹی کے روپ میں عزت و احترام دیتا ہے ۔ مغرب نے عورت کا استحصال کیا۔ سٹیٹس کو اور استعماری قوتوں کے غلام حکمران عورتوں کا استحصال کررہے ہیں، جس نے اپنی بہن اور بیٹی کو وراثت میں حق نہ دیا ہوالیکشن کمیشن ایسے امیدوار کو الیکشن لڑنے کی اجازت نہ دے۔آئی این پی کے مطابق خواتین کے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق صدر جنر(ر) پرویزمشرف نے کہا خواتین کو مردوں کے برابر لانے کے لئے ان کی تعلیم اور سوچ کے معیار کو بہتر بنانا ہوگا۔ مخصوص نشستوں پر رشتہ دار خواتین کو اسمبلی میںلانے کا کلچر بدلنے کی ضرورت ہے۔ آن لائن کے مطابق خواتین کے عالمی دن پر لیڈی ٹریفک وارڈنز نے ہیوی بائیکس پر ریلی نکالی، ریلی صدیق ٹریڈ سنٹر سے لبرٹی تک نکالی گئی، سی ٹی او رائے اعجاز سمیت سینئر افسران نے ریلی میں شرکت کی۔
خواتین کا عالمی دن منایا گیا‘ آئی ایس پی آر نے خصوصی نغمہ جاری کیا
Mar 09, 2018