اسلام آباد (سپیشل رپورٹ+ ایجنسیاں) چین کے وزیرخارجہ وانگ ژی نے کہا ہے کہ چین علاقائی مسائل کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے۔ چینی سفارتخانہ کی طرف سے جاری کئے گئے ایک اعلامیہ کے مطابق وزیرخارجہ نے بیجنگ میں نیشنل پیپلز کانگریس کے سالانہ اجلاس کے موقع پر میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ چین ہمیشہ علاقائی اور عالمی مسائل کے حل کیلئے ایک پُرامن‘ تعمیری اور مصالحت آمیز پالیسی رکھتا ہے۔ چینی وزیرخارجہ نے کہا کہ سکیورٹی کونسل کے مستقل رکن کی حیثیت سے چین علاقائی فلیش پوائنٹس کا بات چیت اور مذاکرات کے ذریعہ حل چاہتا ہے۔ چین مسائل کے حل کیلئے اپنا تعمیری کردار اداکرنے کیلئے ہر وقت تیار ہے۔ چین اس وقت بہت بہتر پوزیشن میں ہے۔ جہاں وہ علاقائی اور دوسرے مسائل کے حل کیلئے اپنا مصالحتی کردار ادا کر سکتا ہے۔ چین ہمیشہ مسائل کے حل کیلئے بات چیت اور مذاکرات کا حامی رہا ہے۔ چین دوسرے ممالک کے معاملات میں مداخلت کا ہمیشہ مخالف رہا ہے۔ ون بیلٹ ون روڈ منصوبے کے بارے میں سوال کے جواب میں چینی وزیرخارجہ نے کہا کہ یہ منصوبہ دوسرے ملکوں کیلئے فلاحی منصوبہ ہے اور بین الاقوامی تعاون کا ایک پلیٹ فارم ہے۔ آئی این پی کے مطابق وزیرخارجہ وانگ ای نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے فوائد عام آدمی تک پہنچنے شروع ہو گئے اور کئی سماجی و اقتصادی مسائل کے حل میں مدد مل رہی ہے۔ بجلی گھروں کے منصوبوں کی تکمیل سے پاکستان میں لوڈشیڈنگ اور قلت قصہ پارینہ بن جائے گی۔ چین سی پیک کے تحت پاکستان کیلئے متعدد بجلی گھر تعمیر کررہا ہے۔ وانگ ای نے اس بات پر زور دیا کہ بی آر آئی منصوبے انتہائی معیاری اور نتائج آور ہونے چاہئیں۔
پاکستان میں بجلی کی لوڈشیڈنگ قصہ پارینہ بن جائیگی: چینی وزیر خارجہ
Mar 09, 2018