لاہور (نیوز ڈیسک) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی اتحادی حکومت کو اس وقت زبردست جھٹکا لگا جس بی جے پی کی اتحادی جماعت تلیگودیشم پارٹی کے 2 وزراء نے مودی کابینہ سے استعفیٰ دیدیا۔ استعفی دینے والوں میں وزیر سول ایوی ایشن اشوک گجاپتی اور وزیر مملکت برائے سائنس و ٹیکنالوجی وائی ایس چودھری شامل ہیں۔ واضح رہے کہ ریاست آندھرا پردیش میں برسراقتدار تلیگو دیشم پارٹی جس کے سربراہ وزیراعلی این چندر بابو نائیڈو ہیں آندھرا پردیش کو خصوصی درجہ دلانے اور بقایا جات ادا کرنے کیلئے مودی سرکار سے مطالبہ کر رہی ہے وزیراعظم نریندر مودی نے اپنی سرکار کی گاڑی کا ایک ٹائر پنکچر ہونے سے بچانے کیلئے گزشتہ روز وزیراعلی چندربابو نائیڈو سے فون پر رابطہ کیا تاہم نائیڈو اپنے مطالبات پر ڈٹے رہے اور کہا کہ تلیگودیشم پارٹی ابھی تک این ڈی اے کی مرکزی حکومت کا حصہ ہے۔ مطالبات نہ مانے تو وہ اتحاد چھوڑ دے گی۔ ادھر آندھراپردیش میں ردعمل کے طور پر چندر بابو نائیڈو کی کابینہ میں شامل بی جے پی کے 2 وزراء بھی مستعفی ہو گئے۔
مودی سرکار کو زبردست جھٹکا، اتحادی تلیگو دیشم پارٹی کے 2 وزراء مستعفی
Mar 09, 2018