علی جہانگیر صدیقی کو امریکہ میں سفیر نامزد کر دیا گیا

Mar 09, 2018

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) اطلاعات کے مطابق علی جہانگیر صدیقی کو امریکہ میں پاکستان کا نیا سفیر نامزد کر دیا گیا ہے۔ امریکہ میں پاکستان کے موجودہ سفیر اعزاز چوہدری کی مدت ملازمت رواں ماہ کے پہلے ہفتہ مکمل ہو چکی اور انہیں توسیع بھی نہیں دی گئی۔ ذرائع کے مطابق علی جہانگیر صدیقی کی نامزدگی کی دستاویزات جنہیں سفارتی اصطلاح میں ’’ ایگریما‘‘ کہا جاتا ہے، امریکہ کو بھجوا دیا گیا جس کا مثبت جواب آنے پر نئے سفیر اپنا منصب سنبھال لیں گے۔ امریکہ میں پاکستانی سفیر کی تعیناتی ہر لحاظ سے ایک اہم فیصلہ ہوتا ہے اور جمعرات کے روز علی جہانگیر صدیقی کی نامزدگی کی اطلاع نے سیاست، سفارت اور سول سروس کے حلقوں میں تہلکہ مچا دیا کیوں کہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات، دونوں ملکوں کی سفارتی تاریخ میں سب سے نچلے مقام پر ہیں جنہیں بہتر بنانے کیلئے پاکستان کو واشنگٹن میں نہایت منجھی ہوئی اور جہاندیدہ شخصیت کی بطور سفیر ضرورت ہے۔ دریں اثناء دفتر خارجہ کے ترجمان نے اس نامزدگی سے لاعلمی کا اظہار کیا، دیگر سرکاری ذرائع بھی اس حوالے سے بات نہیں کر رہے۔

مزیدخبریں