سعودی کابینہ: امریکہ اور برطانیہ کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کے سمجھوتوں کی منظوری

Mar 09, 2018

ریاض (اے پی پی) سعودی کا بینہ نے امریکہ اور برطانیہ کے ساتھ تعلیم ، سائنس ، تفریح ، انٹکچوئل پراپرٹی رائٹس اور شہری ہوا بازی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون سے متعلق سمجھوتوں کی منظوری دے دی۔العربیہ ٹی وی کے مطابق سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ریاض میں الیمامہ محل میں منعقدہ کابینہ کے اجلاس کی صدارت کی ہے۔ سول سروس ، ثقافت اور اطلاعات کے قائم مقام وزیر سلیمان الحمدان نے سعودی پریس ایجنسی کو جاری کردہ ایک بیان میں کہا ہے کہ کابینہ کو سعودی ولی عہد ، وزیر دفاع اور نائب وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کے مصر کے حالیہ دورے اور ان کی صدر عبدالفتاح السیسی سے ملاقات کی تفصیل سے آگاہ کیا گیا۔بیان کے مطابق سعودی کابینہ نے اس موقف کا اعادہ کیا ہے کہ مملکت میں انسانی حقوق کا ہر سطح پر تحفظ کیا جائے گا اور انسانی حقوق کی علمبردار بین الاقوامی تنظیموں سے مثبت انداز میں تعاون کیا جائے گا۔ سعودی کابینہ نے شام کے محاصرہ زدہ علاقے مشرقی الغوطہ میں جاری انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں کی مذمت کا اعادہ کیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ کابینہ نے امریکہ اور برطانیہ کے ساتھ تعلیم ، سائنس ، تفریح ، انٹکچوئل پراپرٹی رائٹس اور شہری ہوا بازی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون سے متعلق سمجھوتوں کی منظوری دے دی ہے۔

مزیدخبریں