لاہو ر(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے کہا ہے کہ چائینز سمیت تمام غیر ملکی ماہرین اور شہریوں کو فول پروف سیکیورٹی کی فراہمی سپیشل پروٹیکشن یونٹ کی اولین ذمہ داری ہے جس کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لا کر جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات کئے جائیں اور سی پیک ورکنگ سائٹس پرسیکیورٹی فرائض سر انجام دینے والے اہلکاروں کو جدید ترین اسلحے ، تیز رفتار گاڑیوں، بلٹ پروف جیکٹس ، نائٹ ویژن دوربینوں سمیت تمام درکار ساز سامان کی فراہمی میں کوئی کمی نہ آنے پائے۔ سپیشل پروٹیکشن یونٹ میں افسران و اہلکاروں کی کمی کو جلد از جلد ترجیحی بنیادوں پرپورا کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے سنٹرل پولیس آفس میں اجلاس میں افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں غیر ملکی ماہرین کی سیکیورٹی پر مامورفورس سپیشل پروٹیکشن یونٹ کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور اس کے دائرہ کار کو مزید وسعت دینے کے حوالے سے اہم امور زیر بحث آئے۔اجلاس میںبتایاگیا کہ لاہور ائیر پورٹ پر ایس پی یو کے سپیشل کائونٹر نے کام کا آغاز کردیا ہے جہاں آنے والے ہر غیر ملکی شہری کے ڈیٹا کے اندراج کے بعد اسے سیکیورٹی کی فراہمی کا عمل شروع ہوجاتا ہے ۔دیگر اہم ائیر پورٹس پربھی سپیشل کائونٹرزبنانے کا عمل جاری ہے جنہیں جلد ہی نادرا کے سسٹم کے ساتھ بھی منسلک کر دیا جائے گا۔