لاہور(کامرس رپورٹر) پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی کے بور ڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن اور لاہور چیمبرز آف کامرس کے سابق ایگزیکٹو ممبر خادم حسین نے وزیراعظم عمران خان کے خطاب کے دوران ایف بی آر کے بارے میں ریمارکس کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹیکس دینا ہم سب کا قومی فریضہ ہے۔ایف بی آر میں تاجرصنعتکار دوست اصلاحات کی ضرورت ہے صنعتکار و تاجر برادری ایمانداری اور خوشدلی سے ٹیکس ادا کررہے ہیں اس کے باوجود کاروباری مراکز پر چھاپوں اور گرفتاریوں کے اختیارات کا خاتمہ کیا جائے اور صنعتکاروں و تاجروں میں خوف ہراس کی فضا کو ختم کیا جائے ان خیالات کااظہار انہوںنے فیروز پور بورڈ کے تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔خادم حسین نے کہا کہ نئے پاکستان کے لیے ٹیکس کلچر بہت ضروری ہے موجودہ ٹیکس دہندگان پر مزید ٹیکسوں و دیگر سختیوں کی بجائے ایف بی آر ٹیکس نیٹ میں اضافہ سے ٹیکس دہندگان پر بوجھ کم کرنے کے اقدامات کرے۔انہوںنے کہا کہ تاجر برادری کے تعاون کے بغیر ملکی ترقی ناگزیر ہے اس لیے ایف بی آر میں اصلاحات کے لیے صنعتکار برادری سے مشاورت کی جائے اور ایف بی کی تاجر کش شقوں کو ختم کرنے کے اقدامات کیے جائیں تاکہ صنعتکار و تاجر ملک کی خوشحالی و ترقی کیلئے خوشدلی سے خدمات سرانجام دے سکیں۔