بلاول کو بھٹو اور زرداری ہونے پر فخر وزیراعظم ‘مقبولیت سے گھبرا گئے، زبان سنبھال کر بات کی جائے: پی پی

لاہور،کراچی، اسلام آباد (نامہ نگار، وقائع نگار، ایجنسیاں) پیپلزپارٹی کے رہنما سابق اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے وزیراعظم عمران خان کی چھاچھرو میں تقریر پر ردعمل میں کہا ہے کہ عمران خان، بلاول بھٹو کی مقبولیت سے گھبرا گئے ہیں، سندھ کے عوام عمران خان کے جھوٹے وعدوں میں نہیں آئیں گے، پہلا وزیراعظم دیکھا جو اپوزیشن رہنما کے نام کا مذاق اڑائے۔ بلاول کو اپنے بھٹو اور زرداری ہونے پر فخر ہے۔ بلاول کی پارلیمنٹ میں تقریر سے دنیا کو قومی یک جہتی کا پیغام گیا، وزیراعظم چیئرمین بلاول کے سوالات کا جواب دیں، پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ ، سینئر نائب صدر چوہدری اسلم گل اور سیکرٹری فنانس عاصم محمود بھٹی نے کہا ہے کہ یو ٹرنز کی سیاسی جدوجہد عمران خان کو مبارک ہو، پی ٹی آئی کٹھ پتلی جماعت ہے۔ جو نادیدہ طاقتوں کے دھاگے سے بندھی ہوئی ہے۔ عمران خان اس بلاول بھٹو زرداری کے بارے میں زبان سنبھال کر بات کرے۔ جس کے نانا اور والدہ سیاسی جدوجہد کے نتیجے میں شہید ہوئے۔ انگریزی تقریر کا طعنہ دینے والے کیا جانیں کہ بانی پاکستان قائد اعظم اور قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کی انگریزی تقریریں دنیا بھر میں حوالے کے طور پر پیش کی جاتی ہیں۔ سرحدوں پر نازک صورتحال کی وجہ سے ملک میں جو اتحاد کی فضا پیدا ہوئی ہے۔ وزیراعظم اسے بے وقوفانہ انداز میں ضائع نہ کیا جائے۔ وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر اطلاعات بیرسٹر مرتضی وہاب نے وزیر اعظم کے پروٹوکول سکیورٹی اور پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے صحافیوں سے بدتمیزی اور تشدد کی شدید مذمت کر تے ہو ئے کہا ہے کہ صحافیوں سے ناروا سلوک برداشت نہیں کیا جائے گا ۔ سندھ اسمبلی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے وزیر اعظم کے دورئہ تھر پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم کے دورے پر پورے شہر چھاچھرو کو بند کرنا کہاں کا انصاف ہے ؟ پروٹوکول کی مخالفت کرنے والوں نے وزیر اعظم کی آمد پر پورے شہر کی آمد ورفت بند کروادی۔ روزگا ر فراہم کرنے والوں نے آج تھر میں عوام سے روزگار بھی چھین لیا ہے ۔سینٹ میں پارلیمانی لیڈر سینیٹر شیری رحمن نے کہا بلاول بھٹو زرداری اپنے ناناشہید ذوالفقار علی بھٹو اور عظیم والدہ محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کے فلسفے کے وارث ہیں ۔یوٹرن لینا عمران خان کی عادت ہے اور یہ عادت عمران خان اپنے اراکین اسمبلی کو سکھائیں ،پیپلزپارٹی کے سیکرٹری جنرل سید نیر حسین بخاری نے کہا ہے۔ کہ نیازی اینڈ کمپنی کا لب ولہجہ بتا رہاہے کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے قومی اسمبلی میں خطاب کے دوران دہشتگردی اور بھارتی گجرات کے مودی کے خلاف بات کرکے نیازی اینڈ کمپنی کی نازک رگ کو چھیڑ دیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...