لاہور(لیڈی رپورٹر) پاکستان سمیت دنیا بھر میں خواتین کا عالمی دن انتہائی جوش وخروش سے منایاگیا۔ اس موقع پر خواتین کے حقوق ، مسائل خدمات اور کردار کو اجاگر کرنے، خواتین کی کامیابیوں کا جشن منانے اور دنیا بھر کی حکومتوں اور معاشروں کی توجہ مبذول کروانے کیلئے صوبائی دارالحکومت میں متعدد تقریبات ، سیمینارز اور ریلیاں منعقد ہوئیں ۔ محکمہ ترقی خواتین کے زیراہتمام منعقدہ مرکزی تقریب سے صوبائی وزیر برائے ترقی خواتین آشفہ ریاض فتیانہ نے خطاب میں کہا کہ خواتین کو قومی دھارے میں لائے بغیر ترقی وخوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ محکمہ ترقی خواتین ویمن ہاسٹلز اتھارٹی بنانے پر کام کا آغازکر دیا ہے جو پرائیویٹ ہاسٹلز کو لائسنس کااجراء کرے گی اور اس بات کو یقینی بنائے گی کہ تمام ہاسٹلز میںایک جیسی معیاری سہولیات فراہم ہوسکیں۔تقریب میں معروف اداکاروںعرفان کھوسٹ،سرمد کھوسٹ اور ثانیہ سعید نے اپنے فن کے جوہر دکھائے ۔پنجاب یونیورسٹی شعبہ جنیڈر سٹڈیز کے زیر اہتمام ریلی سے خطاب میںوائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر نیاز احمد نے کہا کہ اسلام خواتین کو عزت اور حقوق دیتا ہے اور ہمیں حکم دیا گیا ہے کہ ہم ان کے حقوق ادا کریں۔ لاہور پریس کلب میں خواتین کے حقوق کی تنظیم وائز کے زیراہتمام منعقدہ سیمینار میں خاتون محتسب رخسانہ گیلانی نے کہاکہ پاکستانی خواتین بہت باصلاحیت ہیں اور راستے کی تمام رکاوٹوں کا دلیری سے مقابلہ کرتے ہوئے آگے بڑھنا جانتی ہیں۔یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور میں عالمی یوم خواتین کی مناسبت سے زمل طلبہ سوسائٹی کے زیر اہتمام خواتین میں انکے حقوق سے متعلق معلومات اجاگر کرنے کیلئے سیمینار اور خصوصی واک کا انعقاد کیا گیا۔لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری اور اراکین گورننگ باڈی نے کہاکہ دنیا بھر کی طرح پاکستانی خو اتین بھی صلاحیتوں میں کسی سے کم نہیں ۔ صحافی خواتین جن مشکل حالات کا مقابلہ کر تے ہوئے ذمہ داریاں ادا کررہی ہیں وہ قابل تحسین ہیں ۔ خواتین کی تنظیم ’’ہم عورتیں‘‘ کے زیراہتمام مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ سینکڑوں خواتین نے لاہور پریس کلب سے الحمرا تک عورت مارچ کے عنوان سے ریلی نکالی۔ شرکاء نے کہا کہ خواتین کا استحصال روکنے کیلئے حکومت کو عملی اقدامات اٹھانے چاہئیں۔
پاکستان سمیت دنیا بھر میں خواتین کا دن منایا گیا، تقریبات کا انعقاد
Mar 09, 2019