لاہور(چودھری اشرف)پاکستان سپر لیگ میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو بارش سے متاثرہ میچ میں جیمز ونس کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت 9وکٹوں سے شکست دے کر پلے آف مرحلے میں جگہ بنا لی‘لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کو 8وکٹوں سے ہرا دیا۔ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کیخلاف ٹاس جیت کر باؤلنگ کا فیصلہ کیا تھا۔راولپنڈی میں بارش کی وجہ سے میچ کو 9اوورز فی اننگز تک محدود کردیا گیا تھا۔اسلام آباد یونائیٹڈ نے 7وکٹوں پر 91رنز بنائے۔ لیوک رونکی 18رنز بناکر متنازع کیچ کے نتیجے میںچلتے بنے۔کولن منرو 25 ‘کولن انگرام 6اورشاداب خان 14رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ جنید خان اور عمران طاہر نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ ملتان سلطانز کے جیمز ونس اور ذیشان اشرف نے 5اوورز میں 68رنز کا آغاز فراہم کر کے میچ کو یکطرفہ بنا دیا۔ذیشان اشرف 16رنز بناکرکیچ آئوٹ ہوئے۔ملتان سلطانز نے 14گیندوں قبل فتح حاصل کر کے پلے آف مرحلے میں جگہ بنا لی۔جیمز ونس نے 24گیندوں پر 61رنز کی اننگز کھیلی‘مین آف دی میچ قرار پائے۔ شکست کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کی پلے آف تک رسائی کے امکانات مزید کم ہو گئے ہیں۔ 23 ویں میچ میں لاہور قلندرز کے بین ڈنک کی دھواں دھار بلے بازی کی بدولت لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کو 8 وکٹوں سے ہرا کر ٹورنامنٹ میں تیسری کامیابی حاصل کی۔ بین ڈنک نے شاندار 99 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کی کامیابی میں مرکزی کردار ادا کیا اور مین آف دی میچ قرار پائے۔ قذافی سٹیڈیم میں لاہور قلندرز ٹیم کے کپتان سہیل اختر نے ٹاس جیت کرفیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ کراچی کے 10 کے سکور پر شرجیل خان پانچ رنز بنا کر رن آوٹ ہو گئے۔ بابر اعظم اورایلکس ہیلز نے دوسری وکٹ کی شراکت میں سکور کو 70 پر پہنچایا۔بابر اعظم 38 کے سکور پر آوٹ ہو گئے۔ 90 کے سکور پر کیمرون ڈیلپورٹ 15 رنز بنا کر کیچ آوٹ ہو گئے۔ 94 کے سکور پر افتخار احمد رن آوٹ ہو گئے۔ ایلکس ہیلز اور والٹن نے پانچویں وکٹ میں 6.4 اوورز میں 93 رنز بنائے۔ 187 رنز پروالٹن 45 کے انفرادی سکور پرآوٹ ہو گئے۔ ایلکس ہیلز 48 گیندوں پر چھ چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے 80 رنز کیساتھ ناٹ آوٹ رہے۔ کراچی کنگز نے 5وکٹوں پر 187رنز بنائے۔ معاذ خان نے دو، سلمان ارشان نے ایک وکٹ حاصل کی۔ 188 رنز کے تعاقب میں لاہور قلندرز کے فخر زمان اور سہیل اختر نے اننگز کا آغاز کیا۔ دو کے سکور پر فخر زمان کو عامر نے صفر پر کلین بولڈ کر دیا۔ محمد حفیظ 24گیندوں پر 16کے انفرادی سکور پرچلتے بنے۔ بین ڈنک اور سہیل اختر نے 7.2 اوورز میں 100 رنز بنائے۔ ڈنک نے50 رنز 34 گیندوں پر بنائے۔ لاہور قلندرز نے 19.2 اوورز میں 2 وکٹوں پر 190 رنز بنا کر 8 وکٹوں سے میچ جیت لیا۔ بین ڈنک نے 40 گیندوں پر 99 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جس میں 12 چھکے اور تین چوکے لگائے۔ کپتان سہیل اختر نے 46گیندوں پر68 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی‘ 6 چوکے اور دو چھکے لگائے۔ محمد عامر اور عمر خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ بین ڈنک کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ بین ڈنک اور سہیل اختر کے درمیان تیسری وکٹ کی شراکت میں 65 گیندوں پر 140 رنز کی ناقابل شکست پارٹنر شپ قائم ہوئی۔