لاہور (خالد بہزاد ہاشمی‘ فیملی میگزین رپورٹ) متعصب‘ تنگ نظر اور اسلام دشمن بھارتی حکومت نے آداب میزبانی اور تمام اخلاقی حدود کو فراموش کر دیا اور حضرت خواجہ غریب نوازؒ کے 808 ویں سالانہ عرس مبارک میں جانے والے ڈھائی سو پاکستانی زائرین کو مجبور کردیا۔ زائرین دہلی ریلوے سٹیشن پلیٹ فارم نمبر 8 پر صبح 9 بجے سے رات 9 بجے تک بے یارومددگار اور بھوکے پیاسے بیٹھے رہے کیونکہ بھارتی حکومت نے ان کا دہلی کا ویزا نہیں لگایا تھا اور اسی باعث وہ نئی دہلی میں حضرت محبوب الٰہی خواجہ نظام الدین اولیائؒ کی درگاہ پر حاضری نہیں دے سکے۔ پاکستانی زائرین جن میں بزرگ بھی شامل ہیں انہیں پلیٹ فارم سے نکلنے کی اجازت نہیں دی اور بھارتی حکومت نے حضرت خواجہ غریب نوازؒ کے ان زائرین کیلئے کھانے پینے کا کوئی انتظام نہیں کیا تھا۔ ان کی پریشانی کا معلوم ہونے پر پاکستانی سفارتخانے کا عملہ جن میں آفتاب‘ راشد اور دیگر حضرات شامل تھے لنگر اور کھانے پینے کی اشیاء لیکر شام کو پلیٹ فارم نمبر 8 پہنچے اور زائرین میں کھانا تقسیم کیا۔ اس موقع پر درگاہ حضرت محبوب الٰہی حضرت خواجہ معین الدینؒ کے سجادہ نشین دیوان سید طاہر نظامی بھی پاکستانی زائرین سے ملنے کیلئے دہلی ریلوے سٹیشن پر موجود تھے اور کھانے پینے کے انتظامات میں زائرین کی مدد کر رہے تھے۔ یہ زائرین رات 10 بجے نئی دہلی سے روانہ ہو کر آج صبح امرتسر اور واہگہ کے راستے پاکستان پہنچیں گے۔
بھارتی ہٹ دھرمی‘ 250 پاکستانی زائرین دہلی سٹیشن پر روک لئے‘ درگاہ نظام الدینؒ نہ پہنچے
Mar 09, 2020