مقبوضہ کشمیر: 30 برس میں بھارتی فوج نے ہزاروں خواتین کو شہید کیا: رپورٹ، کرونا کے باعث تعلیمی ادارے بند

Mar 09, 2020

سرینگر (آن لائن + آئی این پی) خواتین کے عالمی دن کے موقع پر کشمیر میڈیا سروس نے رپورٹ جاری کر دی جس کے مطابق 1989ء سے اب تک قابض بھارتی فوج نے ہزاروں کشمیری خواتین کو شہید کیا۔ کشمیر میڈیا سروس کی جانب سے خواتین کے عالمی دن پر بھارتی مظالم کے باوجود حوصلہ نہ ہارنے والی کشمیری خواتین کی عظیم جدوجہد کو سلام پیش کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق بھارتی فوج کے ہاتھوں شہید ہونے والے 95 ہزار کشمیریوں میں ہزاروں خواتین بھی شامل ہیں۔ 2001ء سے اب تک 671 کشمیری خواتین کو شہید کیا گیا۔ کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ میں کہا گیا بھارتی فوج کے مظالم میں 22 ہزار سے زائد خواتین بیوہ ہوئیں۔ 11 ہزار 179 خواتین کی عصمت دری کی گئی۔ بڑی تعداد میں کشمیری خواتین کے شوہر لاپتہ ہیں۔ مقبوضہ وادی میں کرونا وائرس پھیلنے کے سبب انتظامیہ نے جموں اور سامبا میں تمام سکولوں کو 31 مارچ تک بند رکھنے کا حکم دیا ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق مقبوضہ جموں و کشمیر کے پلاننگ سیکرٹری روہت کنسل نے اس کی معلومات ٹوئٹ کے ذریعہ دی۔ محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے تمام تیماریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ سرینگر میونسپل کارپوریشن انتظامیہ نے سرینگر میں اتوار کے دن لگنے والے مصروف ترین بازار سنڈے مارکیٹ کو بند کر دیا۔ یہ قدم کرونا وائرس کے بڑھتے خدشات کے پیش نظر اٹھایا گیا ہے۔

مزیدخبریں