پشاور+ ہنگو+ پیر محل+ شور کوٹ چھائونی (نیٹ نیوز‘ نامہ نگاران) خیبرپی کے میں جاری موسلا دھار بارشوں سے تباہی جاری، چھتیں گرنے سے7 افراد جاں بحق اور آٹھ زخمی ہوگئے۔ آزاد کشمیر میں بارشوں سے ندی نالوں میں طغیانی آ گئی۔ شانگلہ، مری، گلیات اور ایوبیہ میں کئی فٹ برفباری سے سڑکیں بند ہو گئیں۔ خیبرپی کے میں طوفانی بارشوں میں چھتیں گرنے سے کئی جانیں چلی گئیں۔ صوابی میں ملبے تلے دب کر ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔گڑھی کیورہ مردان میں چھت زمین بوس ملبے تلے دب کر ماں بیٹی جاں بحق 2افراد زخمی ہو گئے۔ ہنگو تحصیل ٹل کے علاقہ چھپری میں خستہ حال چھت تلے دب کر با پ بیٹی امین اللہ اور ایمن جاں بحق ہوگئے۔ ضلع خیبر میں دو افراد جاں بحق اور آٹھ زخمی ہوگئے۔ آزاد کشمیر میں بارشوں سے ندی نالے بپھر گئے، میرپور آزاد کشمیر میں مسافر وین برساتی نالے میں بہہ گئی، مقامی افراد نے وین کے ڈرائیور کو بچا لیا۔ مری گلیات، ایوبیہ، نتھیا گلی شانگلہ میں پانچویں روز بھی برفباری کا سلسلہ جاری رہا۔ بالائی علاقوں میں اڑھائی فٹ تک برفباری ریکارڈ کی گئی جس سے نظام زندگی مفلوج ہو گیا۔ مری، ایبٹ آباد مرکزی شاہراہ سمیت رابطہ سڑکیں بند ہونے سے مکین گھروں تک محصور ہوگئے۔ مختلف مقامات پر رابطہ سڑکیں بند ہوچکی ہیں۔ پیر محل، شور کوٹ چھاؤنی سے نامہ نگاران کے مطابق نواحی گاؤں چک نمبر 312گ ب کی اضافی آبادی میں بارش کے باعث مکان کی چھت گر گئی۔ ملبے تلے دب کر میاں بیوی اور 3 بچے زخمی ہو گئے۔ زخمی ہونے والوں میں خاوند جاوید عمر 38 سال اس کی بیوی طاہرہ جاوید اور بچے عمر جاوید عمر14سال منتہا جاوید 10 سال دیوان جاوید7 سال شامل ہیں۔