دنیا بھر میں انقلاب کو بالعموم Have nots یعنی محروم اور خط غربت سے بھی نیچے کے طبقے سے جوڑا جاتا ہے۔ مگر انقلاب فرانس کے پس منظر میں لکھی اپنی کتاب The French Revolution and Historical Materialism میں معروف مورخ ہنری ہیلر نے اس تھیوری کو غلط ثابت کرتے ہوئے لکھا ہے کہ یہ سب کیا دھرا فی الحقیقت مڈل کلاس کا ہوتا ہے، جو سوسائٹی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ دنیا کے کسی بھی انقلاب کا تمام تر سپیڈ ورک مڈل کلاس کرتی ہے ، مگر بڑی مہارت کے ساتھ ، اور پس منظر میں رہ کر۔ وہ نہایت چابکدستی سے جمہوریت ،سیکولرازم اور تبدیلی کی بات کرتے ہیں ، جس میں محروم طبقات کیلئے بے پناہ چارم ہوتا ہے۔ انقلاب فرانس میں بھی یہ مڈل کلاس ہی تھی جس نے پیسے والوں ، جاگیر داروں اور اہل کلیسا کی جڑیں کھوکھلی کر کے انہیں بھوکے عوام کے سامنے ڈال دیا تھا۔ اور پھر اپنی محفوظ پناہ گاہوں سے ان کی تکہ بوٹی ہونے کا تماشا دیکھتے رہے۔
ہمارے ہاں بھی اس طبقہ نے اپنا روایتی کردار بخوبی انجام دیا ہے، اور اپنا حصہ بھی وصول کیا ہے۔ ہمیشہ مطمئن رہنے والا یہ طبقہ اب پینک ہوتا جا رہا ہے۔ اگر اس کا کچھ علاج نہ ہوا، تو یاد رکھئے، کہ تاریخ اپنے آپ کو دہراتی ضرور ہے۔