کراچی ( کامرس رپورٹر) کورنگی ایسوسی ایشن(کاٹی) کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر ، صدر سلیم الزماں، سینئر نائب صدر ذکی احمد شریف اور نائب صدر نگہت اعوان نے وزیرا عظم عمران خان کو قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے پر مبارک باد پیش کی ہے اور اسے ملک کے معاشی استحکام کے لیے مثبت اشارہ قرار دیا ہے۔ ایس ایم منیر نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے کورونا وبا ء میں ملکی معیشت اور صنعتوں کے استحکام کے لئے دوراندیشی سے فیصلے کیے جس کے مثبت معاشی اثرات برآمد ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی اقتصادی صورت حال میں ملک سیاسی غیر یقینی کا متحمل نہیں ہوسکتا، ان حالات میں وزیر اعظم کا پارلیمنٹ سے واضح برتری کے ساتھ اعتماد کا ووٹ لینے سے ملکی و بین الاقوامی سطح پرپاکستان کے مستحکم ہونے کا پیغام گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ شاندار کامیابی معاشی استحکام کے لیے نیک شگون ہے۔صدر کاٹی سلیم الزماں نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے صنعتوں کو ریلیف فراہم کرنے اور برآمدات میں اضافے کے لیے بروقت فیصلے کیے ہیں۔
وزیر اعظم کو اعتماد کا ووٹ، معاشی استحکا م کیلئے نیک شگون ہے، ایس ایم منیر
Mar 09, 2021