لاہور (کامرس رپورٹر) صوبائی سیکرٹری لیبر و ہیومن ریسورسز ڈیپارٹمنٹ احمد جاوید قاضی نے کہا ہے کہ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر لیبر ایکٹ میں بہترین اصلاحات متعارف کرائی گئی ہیں۔ وہ لاہور چیمبر کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ لاہور چیمبر کے صدر میاں طارق مصباح اور نائب صدر طاہر منظور چودھری نے بھی اس موقع پر خطاب کیا جبکہ ڈائریکٹر جنرل پنجاب ایمپلاوز سوشل سکیورٹی انسٹی ٹیوشن ایم حنیف رانا، کمشنر پیسی ، دیگر عہدیداران ، لاہور چیمبر کے سابق نائب صدر کاشف انور اور ایگزیکٹو کمیٹی رکن شیخ سجاد افضل بھی اس موقع پر موجود تھے۔ صوبائی سیکرٹری نے کہا کہ لیبر ایکٹ میں چار ترامیم متعارف کرائی گئی ہیں۔ جن انڈسٹری یونٹس نے کنٹری بیوشن جمع نہیں کرایا وہ بغیر کسی جرمانے کے 30جون 2021ء تک بقایا جات ادا کرسکتے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ اب 94فیصد کمپنیاں آن لائن سسٹم کے ذریعے کنٹری بیوشن جمع کرارہی ہیں جس سے نظام صاف و شفاف بنانے میں مدد ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرج گرانٹ ایک لاکھ روپے سے بڑھاکر دو لاکھ روپے کردی گئی ہے، ورکرز کے بچے اب سکالرشپ کے لیے آن لائن اپلائی کرسکتے ہیں۔ لاہور چیمبر کے صدر میاں طارق مصباح نے کہا کہ پنجاب ایمپلائز سوشل سکیورٹی انسٹی ٹیوشن کا کام ٹیکس وصولی نہیں بلکہ صرف خدمات مہیا کرنے والا ادارہ ہونا چاہیے، پنجاب میں تمام لیبر ٹیکس وصول کرنے کی ذمہ داری پنجاب ریونیو اتھارٹی کے حوالے کردی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹ انسٹی ٹیوشن، پنجاب ایمپلائز سوشل سکیورٹی انسٹی ٹیوشن اور دیگر متعلقہ اداروں کے ٹیکسوں کو یکجا کردیا جائے۔
ایمپلائز سوشل سکیورٹی انسٹیٹیوشن کا کام ٹیکس وصولی نہیں ہوناچاہیے:صدرلاہور چیمبر
Mar 09, 2021