لاہور (نمائندہ سپورٹس) نیشنل اوپن پولو چیمپئن شپ برائے قائداعظم گولڈ کپ کا آغاز ہو گیا ہے۔ ٹورنامنٹ میں پہلی بار دس ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ہر ٹیم میں دو غیرملکی کھلاڑی بھی شامل ہیں۔ ٹورنامنٹ میں ارجنٹائن، چلی، انگلینڈ، ایران کے کھلاڑی شامل ہیں۔ پول اے میں بی این، ڈی ایس پولو /اے ایس، ایف جی پولو، نیوایج /رضویز اور رسالہ کی ٹیمیں جبکہ پول بی میں ماسٹر پینٹس بلیک، ڈائمنڈ پینٹس، ری ماؤنٹس، باڑیز اور ماسٹر پینٹس کی ٹیمیں شامل ہیں۔ گزشتہ روز تین میچز کھیلے گئے۔ پہلے میچ میں نیوایج /رضویز نے رسالہ کی ٹیم کو 12-5 سے جبکہ دوسرے میچ میں باڑیز نے چھٹے چکر میں سڈن ڈیتھ پر ماسٹر پینٹس کی ٹیم کو 10-9 سے جبکہ تیسرے میچ میں بی این پولو ٹیم نے ایف جی پولو کو 9-7 سے ہرا دیا۔ آج تین میچز کھیلے جائیں گے۔ دوپہر ایک بجے ڈائمنڈ پینٹس کا مقابلہ ری ماؤنٹس سے، اڑھائی بجے ماسٹر پینٹس بلیک کا مقابلہ ماسٹر پینٹس سے جبکہ چار بجے ڈی ایس پولو /اے ایس سی کا مقابلہ نیوایج /رضویز سے ہوگا۔