لندن (سپورٹس ڈیسک)شہرت یافتہ ٹینس سٹار نوواک جوکووچ نے سب سے زیادہ عرصے تک ٹینس کی عالمی رینکنگ میں نمبر ایک کھلاڑی رہنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔سربیا کے نوواک جوکووچ نے 311 ہفتوں تک رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن پر براجمان رہ کر سوئٹزرلینڈ کے راجر فیڈررکا ریکارڈ توڑا ہے جو کہ 310 ہفتوں تک نمبر ایک پوزیشن پر قابض رہ چکے ہیں۔سربیئن ٹینس اسٹارنے فروری 2020 میں اسپین کیرافیل نڈال سے پہلی پوزیشن چھینی تھی جس کے بعد وہ اب تک اس پوزیشن پر براجمان ہیں اور اس سے قبل وہ 5 مرتبہ سال بھر کے لیے پہلی پوزیشن پر قابض رہ چکے ہیں۔نوواک جوکووچ نے ٹوئٹر پر اپنی پوسٹ میں اپنے نئے ریکارڈ پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج ان کیلئے بڑا دن ہے۔جوکووچ کا کہنا تھا کہ وہ ٹینس کے بڑے کھلاڑیوں کے رستے پر چلنے پر نہایت خوش ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ان لوگوں کے ساتھ جگہ بنانا میرے بچپن کا خواب تھا۔