شیخوپورہ (نمائندہ خصوصی)مسلم لیگ (ن)کے مرکزی نائب صدر اور قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کے چیئرمین میاں جاوید لطیف ایم این اے نے کہا ہے کہ سینٹ الیکشن میں پی ڈی ایم کے امیدوار سید یوسف رضا گیلانی کی کامیابی آمرانہ سوچ کی شکست اور جمہوری قوتوں کی فتح ہے اسلام آباد کی سینٹ نشست پر سیاسی کارکنوں کو فتح دلوا کر ارکان قومی اسمبلی نے ثابت کیا ہے کہ پاکستان کی پارلیمانی سیاست میں پیرا شوٹرز اور سلیکٹیڈ کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے، اپنے ایک بیان میں میاں جاوید لطیف نے کہا کہ پی ڈی ایم کے امیدوار سید یوسف رضا گیلانی کی جیت کے بعد مغربی جمہوریت کی مثالیں دینے والے سلیکٹیڈ حکمرانوں کو فوری اقتدار سے الگ ہوجانا چاہئے، پی ڈی ایم بحالی جمہوریت اور غیر جانبدارانہ و شفاف انتخابات کے انعقاد تک جدوجہد جاری رکھے گی، میاں محمد نواز شریف کی سیاسی بصیرت ایک بار پھر آشکار ہوئی ہے اور یہ ثابت ہوا ہے کہ نواز لیگ اصولی سیاست کرتے ہوئے انتخابات میں غیر جمہوری طاقتوں کی براہ راست دخل اندازی کو روک کر دم لے گی۔