اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی+ خصوصی رپورٹر) پی ٹی آئی کی طرف سے احتجاج کے بعد پی ڈی ایم کے ٹکٹ پر منتخب ہونے والے سید یوسف رضا گیلانی کیخلاف درخواست کی سماعت آج منگل کو ہو گی۔ الیکشن کمشن نے یوسف رضا گیلانی کے خلاف سماعت جلدی کرنے کی درخواست قبول کر لی۔ سینٹ الیکشن سے چند روز قبل علی حیدر گیلانی ویڈیو سکینڈل اور یوسف رضا گیلانی کا بطور سینیٹر نوٹیفکیشن رکوانے کے لیے پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن کمشن میں درخواست دائر کی تھی۔ درخواست میں جلد سماعت کی استدعا کی گئی تھی۔ پہلے یہ سماعت گیارہ مارچ کو ہونا تھی تاہم تحریک انصاف کے ایم این ایز کنول شوذب اور فرخ حبیب کی طرف سے احتجاج کے بعد الیکشن کمشن نے فیصلہ کیا ہے کہ درخواست پرآج سماعت ہو گی۔ اس سے پی ٹی آئی کے ایم این ایز فرخ حبیب، کنول شوذب اور ملیکہ بخاری نے احتجاج کرتے ہوئے کہا تھا کہ ڈسکہ الیکشن کے معاملے پر سماعت ایک روز میں ہو سکتی ہے تو یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی کی ویڈیو سکینڈل سے متعلق سماعت فوری کیوں نہیں ہو سکتی۔ ادھر سپریم کورٹ میں این اے75 ڈسکہ میں دوبارہ انتخابات کے حکم کے خلاف اپیل کی جلد سماعت کیلئے درخواست دائر کردی گئی سپریم کورٹ میں جلد سماعت کی درخواست علی اسجد ملہی نے دائر کی۔