اسلام آباد (نامہ نگار) وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ آئین پاکستان خواتین کے حقوق کا ضامن ہے۔ معاشرے کو مہذب اور روشن خیال بنانے کیلئے خواتین کو بااختیار بنانا لازم ہے۔ انفورسمنٹ آف ویمن پراپرٹی رائٹس خواتین کے وراثتی حقوق کو یقینی بنانے میں ممد و معاون ثابت ہوگا۔ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ آج کا دن معاشرے میں خواتین کے بلند مقام اور مختلف شعبہ جات میں ان کی قابل ستائش خدمات کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔ سینیٹر شبلی فراز نے کہاکہ دین اسلام نے خواتین کو بے مثال حقوق دیئے ہیں۔