درگاہ حضرت قطب الدین بختیار کاکیؒ دہلی کے سجادہ نشین سید حبیب الرحمن قطبی  انتقال کر گئے

لاہور (خالد بہزاد ہاشمی/ میگزین رپورٹ) حضرت خواجہ غریب نواز خواجہ معین الدین چشتی اجمیری کے محبوب خلیفہ حضرت خواجہ قطب الدین بختیار کاکیؒ نئی دہلی کے سجادہ نشین ڈاکٹر سید حبیب الرحمن قطبی نیازی گزشتہ شب انتقال کر گئے۔ ان کی عمر 63 برس تھی۔ وہ کینسر کے عارضہ میں مبتلا تھے۔ انہوں نے پسماندگان میں بیوہ دو صاحبزادے سید سیف الرحمن قطبی نیازی اور سید مہدی حسین قطبی نیازی اور تین صاحبزادیاں سوگوار چھوڑی ہیں۔ انہیں بعد نماز ظہر درگاہ شریف میں سینکڑوں عقیدت مندوں کی موجودگی میں ان کے والد مرحوم سید غلام محبوب سبحانی  قطبی نیازی اور بڑے بھائی حکیم علامہ غلام جیلانی قطبی نیازی کے مزار کے قریب سپرد خاک کر دیا گیا۔ سجادہ نشین ڈاکٹر سید حبیب الرحمن قطبی نیازی ایک اعلیٰ تعلیم یافتہ علمی و ادبی ہستی تھے اور دہلی میں مسلم تہذیب و تمدن کے اولین وسیع و عریض علاقے مہرولی جہاں حضرت خواجہ قطب الدین بختیار کاکی آرام فرما رہے ہیں کی تاریخ کے ترجمان اور اعلیٰ اخلاقی و اسلامی اقدار کے امین تھے، ان کا حلقۂ احباب بہت وسیع تھا۔ انہوں نے جامعہ ملیہ نئی دہلی سے ابتدائی اور آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس نئی دہلی سے میڈیکل کی اعلیٰ تعلیم حاصل کی۔ ان کے قل شریف بروز بدھ بعد نماز ظہر درگاہ حضرت خواجہ قطب الدین بختیار کاکیؒ میں ادا کیے جائیں گے۔ اجمیرشریف حضرت خواجہ غریب نوازؒ کی درگاہ سے دیوان سید زین العابدین، صاحبزادہ نصیرالدین، سید سرور چشتی، سید بلال میاں چشتی، درگاہ حضرت محبوب الٰہی حضرت خواجہ نظام الدین اولیائؒ کے سجادہ نشین دیوان سید طاہر نظامی، خواجہ سید محمد نظامی، سید نعیم نظامی، سید انفعال نظامی اور دیگر سجادگان اور درگاہ حضرت بابا فرید الدین مسعود گنج شکرؒ پاکپتن شریف کے زیب  سجادہ دیوان سید احمد مسعود چشتی، درگاہ حضرت پیر سید مہر علی شاہؒ گولڑہ شریف کے سجادہ نشین پیر سید معین الحق گیلانی، درگاہ سندر شریف کے سجادہ نشین پیر سید حبیب عرفانی اور دیگر مشائخ و عظام نے ان کی رحلت پر ان کے صاحبزادگان سید سیف الرحمن قطبی نیازی اور سید مہدی حسین قطبی نیازی سے اظہار تعزیت اور مرحوم کے لئے بلندی درجات کی دعا کی ہے۔

ای پیپر دی نیشن