یمن، تارکین وطن کے کیمپ میں آتشزدگی سے جاں بحق افراد کی تعداد 60 ہو گئی،170 زخمی

Mar 09, 2021 | 17:19

ویب ڈیسک

 یمن میں تارکین وطن کے لیے قائم کیے گیے حراستی مرکز میں خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 60 تک پہنچ گئی ہے جبکہ 170 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ چینی خبر رساں ادارے کے مطابق یمن کے دارالحکومت صنعا میں قا ئم حراستی مرکز میں آگ لگنے سے ہلاکتوں کی تعداد 60 ہوگئی ہے جاں بحق ہونے والوں میں کیمپ کے محافظ بھی شامل ہیں۔ حراستی مرکز کے سکیورٹی آفیسر نے بتایا کہ حراستی مرکز میں ان تارکین وطن کو رکھا گیا تھا جوغیر قانونی طور پر ملک میں داخل ہوئے تھے ان متاثرین میں افریقی تارکین وطن اور سہولت کار عملہ دونوں شامل ہیں۔بین الاقوامی تنظیم (آئی او ایم) نے تصدیق کی ہے کہ آگ نے صنعا میں حوثی گروپ کے حکام کے زیر کنٹرول مرکز کو لپیٹ میں لے لیا آگ میں زخمی ہونے والے تارکین وطن کو فوری طبی امداد کے لیے ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔آئی او ایم نے کہا کہ امیگریشن پاسپورٹ اینڈ نیچرلائزیشن اتھارٹی (آئی پی این اے) امیگریشن ہولڈنگ مرکزمیں آتشزدگی کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے تارکین وطن کی کل تعداد غیر مصدقہ ہے کیونکہ سرکاری ریکارڈ ابھی جاری نہیں کیا گیا ہے۔آئی او ایم کے مطابق کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے یمن آنے والے مہاجرین کی تعداد2019 میں 138،000 کے مقابلے میں کم ہو کر 2020 میں 37،500 رہ گئی ہے۔

مزیدخبریں