لاہور(نیوز رپورٹر)نیشنل ہارس اینڈ کیٹل شو2022 ء کی فْل ڈریس ریہرسل کی تقریب فورٹریس سٹیڈیم لاہور میں منعقد ہوئی۔ وزیر بلدیات پنجاب میاں محمود الرشید مہمان خصوصی تھے۔ مہمان خصوصی میاں محمود الرشید نے سلامی کے چبوترے پر قومی ترانہ سْنا۔اس موقع پر آرمی کے پائپ اور براس بینڈز نے قومی نغموں کی مدھر دھنیں بکھیریں،نیزہ بازی کا دلکش مظاہرہوا۔خوبصورت جانوروں کی پریڈ،گھوڑ اڈانس اور ڈھول کی تھاپ پر رقص کرتی ناچی بکریوں نے سماں باندھ دیا۔وزیر بلدیات میاں محمود الرشید نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل ہارس اینڈ کیٹل شو کے ذریعے عوام کو تفریح کی فراہمی کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ لائیو سٹاک نمائش اور سٹالز کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔ گھڑ ڈانس، ڈاگ شو، پولٹری شو، عوام کی دلچسپی کا باعث بنیں گے۔انہوں نے کہا کہ نیشنل ہارس اینڈ کیٹل شو کو بھرپور انداز میں کامیاب بنایا جائے گا اور میلہ مویشیاں کی خوبصورت روایت کو آئندہ بھی برقرار رکھا جائے گا تاکہ کسانوں میں بہترین جانور پالنے کا رجحان پیدا ہو۔ مویشی پال حضرات کی حوصلہ افزائی اور پنجاب کے بہترین جانوروں کی نمائش لائیوسٹاک سیکٹر کی ترقی میں معاون ثابت ہوگی۔ میاں محمود الرشید نے مزید کہا کہ میلہ مویشاں کا انعقاد کسانوں میں خوبصورت جانور پالنے کا صحت مند رجحان پیدا کرے گا۔ لائیو سٹاک کی ترویج ملک کی اقتصادی ترقی اور کسانوں کی خوشحالی کیلئے بنیادی اہمیت کی حامل ہے۔