لاہور (خصوصی نامہ نگار)نظام مصطفی محاذ کے مرکزی رہنما ورکن پنجاب اسمبلی اور آستانہ عالیہ شرقپور شریف کے سجادہ نشین صاحبزادہ جلیل احمد شرقپوری نے رکن الاسلام جامعہ مجددیہ میں جمعیت علماء پاکستان (نورانی)و ملی یکجہتی کونسل کے صدرڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملکی سیاسی ومعاشی صورتحال اورخاص طورپراتحاد اہلسنت کے حوالے سے تبادلہ خیال کیاگیا۔ ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ اتحاد اہلسنت کے سلسلے میں بہت جلد اکابرین اہلسنت کا اجلاس بلایا جائے گا جس میں آئندہ کے لائحہ عمل کے بارے میں معاملات ترتیب دیے جائیں گے،دونوں رہنماؤں نے دہشتگردی کی بڑھتی ہوئی صورتحال پر سخت تشویش کا اظہار کیا اور پشاور دھماکے کی سخت مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اسلام دشمن طاغوتی قوتوں کی سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے ٹھوس لائحہ عمل ترتیب دے۔دریں اثنا جے یو پی(نورانی) لاہور لے صدرمفتی نعیم جاویدنوری نے کہا کہ اہلسنت جماعتوں کا اتحاد وقت کی اھم ضرورت ھے ، گذشتہ دہائیوں سے دینی طبقے بڑے سازش کے تحت اسمبلیوں اور اقتدار سے باہر رکھا جارہا ھے اہلسنت کو متحد ہوکر حکومت و اقتدار میں آکر مل میں نظام مصطفی کے نفاذ کو یقینی بنانا چاہیے۔