لاہور (نیوز رپورٹر) ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ملاقات کے حوالے سے بعض نیوز چینلز پر استعفیٰ پیش کرنے کے سلسلے میں نشر ہونے والی خبر حقائق سے منافی اور بے بنیاد ہے۔ بغیر تصدیق خبر نشر کرنے پر متعلقہ نیوز چینلز کے خلاف قانونی کارروائی کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔ ترجمان پنجاب حکومت نے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ملاقات میں اپنا استعفیٰ پیش کیا نہ اس حوالے سے کوئی بات ہوئی۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ذرائع کے حوالے سے منسوب گفتگو میں بھی کوئی حقیقت نہیں۔ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار اور وزیراعظم عمران خان کے سپاہی ہیں اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار پنجاب میں وزیراعظم عمران خان کے ویژن کو آگے لیکر بڑھ رہے ہیں۔