اپوزیشن والے کون  جو عمران سے استعفی ما نگیں ، جہانگیر ، علیم خان پی ٹی آئی کے لوگ

Mar 09, 2022

اسلام آباد/ ملتان (خبر نگار خصوصی+ اے پی پی+ آئی این پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے تحریک عدم اعتماد سے متعلق بیان میں کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد لانا اپوزیشن کا آئینی حق ہے۔ ہم آئینی‘ قانونی اور سیاسی انداز میں ان کا مقابلہ کریں گے۔ عمران خان سے استعفیٰ مانگنے والے یہ کون لوگ ہوتے ہیں۔ ہم ہرگز ان کے کسی الٹی میٹم سے خوفزدہ نہیں۔ اپوزیشن نے ذاتی مفادات کو سامنے رکھ کر تحریک عدم اعتماد جمع کرائی۔ عمران خان نے ناراض ارکان سے رابطہ کیا اور انہیں سمجھایا بھی ہے۔ چودھری برادران کمٹمنٹ نبھانے والے ہیں۔ وہ ساتھ دینے کا اظہار کر چکے ہیں۔ ان کی بات پر اعتبار ہے۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ جہانگیر ترین اور علیم خان پی ٹی آئی کے مخالف نہیں ہیں۔ اپوزیشن کی  کوئی تحریک کامیاب نہیں ہوسکتی۔ جہانگیر ترین اور علیم خان دونوں تحریک انصاف کے لوگ ہیں، ان کا فعال ہونا اچھی بات ہے۔  وزارت منصوبہ بندی میں قومی صنفی پالیسی فریم ورک  کی  افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا کہ خواتین کے حقوق اور ملک کی بقا میں ان کے کردار کے حوالے سے بات کی ہے۔ معاون خصوصی شہباز گل نے کہا کہ اپوزیشن نے اپنے پتے کھیل لئے اب ہماری باری ہے، ہم نے اپوزیشن کی سازش کو بے نقاب نہ کیا تو یہ عوام سے زیادتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف ایسا منشور لے کر آئی جو کسی کے پاس نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سابق حکومت ملکی معیشت تباہ کر کے گئی۔ شہباز گل نے کہا کہ احتساب ہمارے منشور کا حصہ تھا جس پر ہم گامزن ہیں۔  عمران خان نے کہا تھا کہ جس دن میں نے ان پر ہاتھ ڈالا اس دن تمام چور اکٹھے ہو جائیں گے۔ وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ عمران خان نہ صرف پانچ سال پورے کریں گے بلکہ آئندہ پانچ سال بھی وزیراعظم رہیں گے۔ وفاقی وزیر مراد سعید نے کہا کہ ہارا ہوا لشکر اس دفعہ بھی ہارے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ میڈیا پر ہی حکومت گراتے ہیں۔ وفاقی وزیر مراد سعید نے ماضی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی ان کے دعوے ناکام ہوئے۔ 

مزیدخبریں