کراچی(این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے سندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈرخرم شیر زمان نے کہا ہے کہ بلاول پرچی چیئرمین ہیں،ان کے باپ دادا کو اندازہ نہیں تھا کہ ان کے پوتے اور داماد کس طرح ملک کو برباد کریں گے، ان لوگوں نے سندھ کو کرپشن کی یونیورسٹی بنا دیا ہے۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے خرم شیر زمان نے کہا کہ وائس چانسلر آصف زرداری اور منیجر مراد علی شاہ ہیں جن کا کام پیسہ اکھٹا کرنا ہے، سارے چور آچکے آج اکھٹے ہیں، جن کا مقصد اپنے خلاف کیسز ختم کروانا ہے۔انہوں نے کہا کہ بلاول پرچی چیئرمین ہیں، اپنے ابو کی پرچی لے کر ٹرک پر چڑھ گئے ہیں، بلاول اپنا مارچ مارچ میں ہی کرلیں ورنہ اپریل میں یہ اپریل فول بن جائیں گے۔خرم شیر زمان نے کہا کہ پی پی صرف مال بچائو ، مال بنائو تحریک چلارہے ہیں، بلاول زرداری کے ابو کا ایشیاء کا سب سے بڑا آر او پلانٹ بند ہوگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بلاول پنجاب کے عوام کو بتائیں 14 سالوں میں ٹرانسپورٹ کا نظام نہیں دے سکے، نالائق وزیر اور سرکاری بابو بھی بلاول کی مدد نہیں کرسکے۔خرم شیرزمان نے کہاکہ بلاول پنجاب کے عوام کو بتائیں کے لاڑکانہ میں ایڈز کے کیسز پورے ایشیا میں سب سے زیادہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ آصف زرداری اپ کی ہر جگہ سے پہچان مٹ رہی ہے، زرداری صاحب آپ کی شناخت سندھ سمیت کراچی سے بھی مٹ رہی ہے۔خرم شیر زمان نے کہا کہ پی ٹی آئی ایک قومی جماعت ہے اور وزیراعظم کے ساتھ پورا پاکستان کھڑا ہے۔