کراچی (سٹی نیوز)جامعہ کراچی کی قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصرہ خاتون نے کہا کہ خواتین اب اپنی روایتی ذمہ داریاں پورا کرنے کے ساتھ ساتھ مختلف شعبہ ہائے زندگی میں بھی نمایاں کردار ادا کر رہی ہیں۔ اس کی سب سے بڑی اور اہم وجہ خواتین میں تعلیم حاصل کرنے کا بڑھتا رجحان ہے۔ کسی بھی ملک کی ترقی کا دارومدار اس کی افراد ی قوت پر ہوتاہے اور افرادی قوت کی بات کی جائے تو اس بات کا خیال رکھنا چاہیئے کہ ملک کی تقریباً نصف آباد ی خواتین پر مشتمل ہوتی ہے ۔لہذا ضرورت اس امر کی ہے کہ خواتین کو بھی ملک کی ترقی میں اپنا کردار اداکرنے کے لئے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کئے جائیں۔عورت معاشرے کا ایسا ستون ہے جس کے بغیر کوئی بھی معاشرہ ترقی یافتہ، تہذیب یافتہ نہیں ہو سکتا۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے جامعہ کراچی کے سینٹر آف ایکسیلینس فار ویمنز اسٹڈیزکے زیر اہتمام عالمی یوم خواتین کے موقع پر منعقدہ ایک روزہ بین الاقوامی کانفرنس بعنوان: ’’ پائیدار کل کے لئے صنفی مساوات:خواتین کے کردارکو سراہنا‘‘ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب کا اہتمام کلیہ فنون وسماجی علوم جامعہ کراچی کی سماعت گاہ میں کیا گیا تھا۔اس موقع پر رئیسہ کلیہ فنون وسماجی علوم جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر نصرت ادریس نے کہا کہ اسلام نے طبقہ خواتین کو جو عزت و توقیر بخشی اس سے متاثر ہو کر دوسری قوموں نے بھی عورتوں کو معزز سمجھنا شروع کیا۔عصر حاضر میں میں عورت مردوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور زندگی کے ہر شعبے میں اہم کردار ادا کررہی ہے، خواہ ٹیچنگ کا شعبہ ہو یا انجینئرنگ کا عورت کا کردار بہت نمایاں نظر آتا ہے۔فورمین کرسچین کالج فورمین کی پروفیسر ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہرہ نے آن لائن خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معاشرہ معیار زندگی کو متاثر کرنے کے لیے مردوں کے مقابلے خواتین پر مساوی سرمایہ کاری نہیں کر رہا ہے۔ یہ حقیقت ہے کہ ترقی کے مواقع کو کسی نہ کسی وجہ سے سمجھوتوں اور تعصبات کا سامنا ہے۔بنیادی طور پر ہر شہری کی شراکت کی یکساں تعریف اور قانون کی تشریح کا فقدان، لاعلمی یا ناقص ارادے کی وجہ سے، بنیادی انسانی حقوق سے انکار اور امتیازی سلوک کی بنیاد بنتا ہے۔
عورت کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی یافتہ نہیں ہو سکتا۔پروفیسرڈاکٹر ناصرہ خاتون
Mar 09, 2022