لاہور (خصوصی نامہ نگار) پنجاب اسمبلی کی پبلک اکائونٹس کمیٹی کا اجلاس چیئرمین ساجد احمد خان بھٹی کی زیر صدارت شروع ہوا۔ اجلاس میں S&GAD اور ڈی سی آفس کے آڈٹ اعتراضات کا جائزہ لینا تھا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر لاہور کے نہ آنے پر چیئرمین نے بر ہمی کا اظہار کیا اور 30منٹ کے لیے اجلاس ملتوی کر دیا۔30 منٹ کے وقفے کے بعد پی اے سی کا اجلاس دوبارہ شروع ہوا تو ڈی سی اجلاس میں پیش ہوئے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین ساجد احمد خان بھٹی نے ڈی سی کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ پبلک اکاؤ نٹس کمیٹی کو سنجیدگی سے لیا کریں او ر اگر اس کے علاوہ کوئی سر کاری کام ہو تو پی اے سی کے اجلاس میں عدم موجودگی کے لیے تحریری طور پر اجازت لیا کریں۔ پی اے سی کی صوابدید ہے کہ کسی افسر کو اجلاس سے رخصت دی جائے یا نہ دی جائے۔ ڈی سی لاہور نے کمیٹی کو یقین دہانی کرائی کہ وہ آئندہ محتاط رہیں گے۔ چیئرمین ساجد احمد خان بھٹی نے کہا کہ قانون سے کوئی بالا تر نہیں، تمام ادارے پی اے سی کو جواب دہ ہیں۔ پی اے سی نے ڈی سی آفس لاہور کے تمام آڈٹ پیراز کے زیرِ التواء معاملات کو 30دن میں ضروری کارروائی کر کے کمیٹی کے سامنے پیش ہونے کا حکم دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ فوری خریداری کے لیے بھی قواعد و ضوابط پر عمل کرنا ہو گا۔
پبلک اکاؤنٹس کمیٹی