راولپنڈی میں جاری پاک آسٹریلیا سریز کے پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز تماشائی اسٹیڈیم میں شین وارن کا پوسٹر لے کر پہنچے جس میں شین وارن کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے لکھا ’’ لیجنڈز کبھی نہیں مرتے‘‘۔دنیائے کرکٹ کے مایہ ناز لیگ اسپنر،سابق آسٹریلوی کرکٹر، لیگ اسپن کی یونیورسٹی اور جادو گر اسپنر کہلائے جانے والے شین وارن اس دنیا میں نہیں رہے جنہوں نے اپنے انتقال سے 12 گھنٹے قبل راڈنی مارش کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔دنیائے کرکٹ کے دو لیجنڈز شین وارن اور راڈنی مارش اس جہان فانی سے رخصت ہو گئے اور دونوں لیجنڈز کی اموات ایک ہی روز خبروں کا حصہ بنے اور یہ خبر پوری دنیا ئے کھیل میں جنگل میں آگ کی مانند پھیلی۔
آسٹریلیا کے لیجنڈری وکٹ کیپر راڈنی مارش 74 برس کی عمر میں انتقال کر گئے،لیجنڈری وکٹ کیپر راڈنی مارش کو گزشتہ جمعرات کو دل کا دورہ پڑا ، جس سے وہ صحتیاب نہ ہو سکے ۔آنجہانی راڈنی مارش کی یاد میں کنیگروز پنڈی ٹیسٹ میں بازوں پرسیاہ پٹیاں باندھ کر خراج عقیدت پیش کیا۔انہوں نے 96ٹیسٹ اور 92 ون ڈے انٹرنیشنل میں اپنے ملک کی نمائندگی کی اور 1970سے 1984 تک کیرئیرمیں وکٹوں کے پیچھے 355 شکار کیے جو ان کی ریٹائرمنٹ کے وقت ایک عالمی ریکارڈ تھا۔مارش آسٹریلیا کے چیئرمین سلیکٹرز بھی رہے ۔آسٹریلیا کے سابق کپتان مارک وا نے مارش کو کھیل کا ایک آئیکون قرار دیااور اسی دن ہی راڈنی مارش کے موت کے بعد دنیائے کرکٹ کے مایہ ناز لیگ اسپنر،سابق آسٹریلوی کرکٹرشین وارن بھی اس دنیا سے چل بسے ۔شین وارن نے 1992 سے 2007 تک آسٹریلیا کی نمائندگی کی اور 145 ٹیسٹ میں 708 وکٹیں حاصل کیں۔اسی طرح 194ون ڈے میچز میں 293 اور 73 ٹی ٹوئنٹی میں 70 وکٹیں حاصل کی تھیں۔گزشتہ روز اچانک دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر جانے والے شین وارن نے 1994 میں راولپنڈی کے اسٹیڈیم میں میچ کھیلا جو کہ ڈرا ہو گیا تھا۔
شین وارن 4 مارچ کو دل کا دورہ پڑنے سے 52 سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔ آنجہانی تھائی لینڈ کے علاقے کو ساموی میں اپنے وِلا میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے، ان کے ترجمان کا کہناتھا کہ شین وارن کا انتقال حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے ہوا، میڈیکل ٹیم نے انہیں بچانے کی پوری کوشش کی لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے۔ لتھائی پولیس نے کہاہے کہ آسٹریلیا کے لیجنڈری لیگ اسپنر شین وارن کو موت سے قبل سینے میں درد سمیت دیگر طبی مسائل کا سامنا تھا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق تھائی لینڈ کی پولیس نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ موت سے قبل شین وارن کو سینے میں درد کی شکایت تھی، انہیں دمہ اور دل کا عارضہ لاحق تھا۔
آسٹریلیا کے لیجنڈری کرکٹر شین وارن کی موت پر ان کی بال آف سنچری کھیلنے والے مائیک گیٹنگ نے شین وارن کو دنیا کا نمبر ون بولر بھی قرار دے دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ بہت دکھ کی خبر ہے، میں ان کے اہلِ خانہ کے غم میں برابر کا شریک ہوں، یہ کئی لوگوں کے لیے بہت بڑا نقصان ہے۔ بلاشبہ وہ ہمیشہ نمبر ون رہے، کرکٹ کے کئی عظیم کھلاڑی، اسپنر اور لیگ اسپنر رہے، لیکن شین وارن میرے نقطہ نظر سے ان میں نمبر ون ہیں۔ جب بھی ان کی گیند آئی تو مجھے معلوم تھا کہ وہ لیگ بریک ہوگی لیکن اتنی اسپن ہوگی یہ میں نے سوچا بھی نہیں تھا۔
اگرچہ ٹیسٹ کرکٹ میں شین وارن نے 708 وکٹیں لیں، مرلی دھرن ان سے 92 وکٹیں زیادہ لیکر اس وقت سب سے زیادہ ٹیسٹ وکٹس لینے والے کھلاڑی ہیں تاہم شین وارن کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ شین وارن کے پاس وہ تمام چیزیں تھیں جس کی ایک کرکٹر کو ضرورت ہوتی ہے، خود اعتمادی، بہت زیادہ صلاحیت، نظم و ضبط، جذبہ اور خواہش لیکن سب سے بڑھ کر ان کے پاس ان سب سے انجوائے کرنے کا وقت تھا، اسے کرکٹ کھیلنے میں مزہ آتا تھا۔ جس طرح کی لیگ اسپن شین وارن نے کی ہے، مجھے یقین ہے کہ اس نے کئی نوجوانوں کو لیگ اسپن کا انتخاب کرنے کے لیے متاثر کیا۔شین وارن کی لیگ اسپن ہی تھی جس نے ان کا نام 20ویں صدی کے بہترین 5 کھلاڑیوں میں شامل کروایا، لیگ اسٹمپ کے باہر گرنے والی بال آف سنچری نے مائیک گیٹنگ کی آف اسٹمپ کو اڑا دیا تھا، جسے دیکھ نہ صرف خود مائیک گیٹنگ بلکہ سامنے کھڑے امپائر بھی حیران رہ گئے تھے۔
آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شین واٹسن نے کہا ہے کہ شین وارن اْن کے ہیرو اور سرپرست تھے۔شین واٹسن نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ میں چونک گیا ہوں، میرا ہیرو، میرا سرپرست، میرا عظیم دوست، شین وارن اب ہم میں نہیں رہے۔ سابق کپتان رکی پونٹنگ نے گزشتہ روز انتقال کر جانے والے اسپن جادوگر شین وارن کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اْن سے پہلی ملاقات کی تصویر شیئر کی اور اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر پہلی ملاقات کو یاد کیا۔
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے مایہ ناز سپر شین وارن کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اْن کے لیے شین وارن کے خلاف کھیلنا ہمیشہ باعث فخر تھا۔شین وارن کی اچانک موت پر شدید دْکھ کا اظہار کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ کرکٹ کا کھیل کھوگیا ہے جسے میں لیگ اسپن بولنگ کی یونیورسٹی سمجھتا تھا۔بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ویرات کوہلی نے آسٹریلیا کے لیجنڈری اسپنر شین وارن کی موت پر شدید دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ زندگی انتہائی غیر متوقع ہے۔آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم کے بیٹر ڈیوڈ وارنر ، لیجنڈ اسٹار وسیم اکرم ، ٹنڈولکر ، پیٹ کمنز ، مرلی دھرن نے خراج عقیدت پیش کیا اورکہا ہے ہمارے کھیل کے 2 لیجنڈز بہت جلد ہم سے بچھڑ گئے۔سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر پیغام میں ڈیوڈ وارنر نے کہا کہ میرے لیے یہ لمحہ انتہائی تکلیف دہ ہے جسے لفظوں میں بیان نہیں کرسکتا۔ آسٹریلین ٹیسٹ ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز نے شین وارن کو عظیم اور صدی میں ایک بار پیدا ہونے والا کرکٹر قرار دیا۔انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ اسکواڈ میں آج بھی کئی کھلاڑی انہیں اپنا ہیرو مانتے ہیں، چین وارن کے عالمی افق پر آنے کے بعد کھیل پہلے جیسا نہ رہا اور اب ان کے گزر جانے کے بعد بھی کبھی ویسا نہیں رہے گا۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی شین وارن کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کمی محسوس ہو گی۔