اسلام آباد(نا مہ نگار)نائیجر میں پاکستان کے سفیر احمد علی سروہی کی تحریر کردہ کتاب "ہینڈ بک آن اکنامک ڈپلومیسی" کی تقریب رونمائی منگل کو کامسٹیک میں وزارت خارجہ، پاکستان کے تعاون سے منعقد ہوئی۔اپنے تعارفی لیکچر میں سروہی نے کہا کہ سفارت کاری کا مقصد دوسری قوموں کے ساتھ اچھے تعلقات کو پروان چڑھانا ہوتا ہے اور اگر آپ دوسری قوموں کیساتھ معاشی طور پر جڑے ہوں گے تو تعلقات خود بخود بہتر اور مضبوط ہو جائیں گے۔احمد علی سروہی نے کہا کہ دنیا میں اقتصادی سفارت کاری کا علمبردار ہالینڈ اور ایشیا میں جاپان ہے۔ آج جغرافیائی اور آبادی کے لحاظ سے چھوٹے ممالک اپنی اقتصادی طاقت اور بہترین اقتصادی سفارت کاری کی وجہ سے بڑے ممالک کو متاثر کر رہے ہیں ۔اس موقع پر کوآرڈینیٹر جنرل کامسٹیک، پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے کہا کہ احمد علی سروہی کی "اکنامک ڈپلومیسی" پر ایک ہینڈ بک معاشی سفارت کاری کے لٹریچر میں ایک بہترین اضافہ ہے۔ پروفیسر چودھری نے کہا کہ سروہی پاکستان کے سینئر اور موثر سفارت کاروں میں سے ایک ہیں اور وہ یقینا ایک رول ماڈل ہیں۔ پروفیسر چودھری نے ذکر کیا کہ انہوں نے جدید دنیا میں اقتصادی سفارت کاری کے نمونوں کو بیان کیا ہے، اور انہیں پاکستان کے سیاق و سباق سے ہم آہنگ کیا ہے۔
تقریب رونمائی