مونس کے ذریعہ 10 کروڑ سرمایہ کاری کی‘ ہر ایک نے حصہ لیا: محمد خان بھٹی کا مبینہ اعترافی بیان


رحیم یارخان (بیورو رپورٹ+کرائم رپورٹر) جسمانی ریمانڈ پر اینٹی کرپشن حکام کی تحویل میں موجود سابق پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ پنجاب کوتین روزہ ریمانڈ مکمل ہونے پر آج سپیشل جج اینٹی کرپشن کی عدالت میں پیش کیاجائے گا۔ دریں اثنا زیر حراست ملزم محمد خان بھٹی کے حوالے سے ایک مبینہ اعترافی بیان سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے رحیم یار خان شوگر ملز میں 10 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری انھوں نے سابق وفاقی وزیر چوہدری مونس الہی کے ذریعے کی۔ اسی طرح 25کروڑ روپے مالیت کی چینی گھوٹکی (سندھ) میں واقع شوگرملز سے خرید کی۔ جس کی فروخت پر حاصل ہونے والی آمدنی سے ہر ایک نے حصہ لیا۔ محمدخان بھٹی کروڑوں روپے مالیت کی جائیداد کے مالک ہیں جن میں لاہور میں پولٹری فارم‘ کنٹرول شیڈ کے سمیت سکھ چھین میں ایک کنال پلاٹ‘ جوہر ٹائون میں 7 مرلے کے گھرکے بھی مالک ہیں۔ 4کروڑ سے زائد مالیت بنک اکائونٹ ہیں۔ اس کے علاوہ پنجاب اسمبلی میں 400 سے زائد ملازمین کی بھرتی میں وہ مجاز اتھارٹی تھے۔ رحیم یار خان میں موجود محمد خان بھٹی کی وکلاء ٹیم نے  اس  اعترافی بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ زیر حراست اعترافی بیان کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔ عدالت میں جرم کا اعتراف ہی اصل اعترافی ہو گا۔

ای پیپر دی نیشن