نیویارک (این این آئی+ نوائے وقت رپورٹ) ٹوئٹر کے سربراہ ایلون مسک اور کمپنی کے سابق ملازم کی زبانی لڑائی رکنے کا نام ہی نہیں لے رہی اور یہ انٹرنیٹ پر وائرل بھی ہوگئی ہے۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق ایلون مسک اور سابق ملازم ہرالڈور تھورلیفسن کے درمیان لفظی جنگ اس وقت شروع ہوئی جب انہیں نوکری سے فارغ کر دیا گیا تھا۔ ایلون مسک اور ہرالڈور تھورلیفسن کے درمیان یہ معاملہ اس وقت شروع ہوا جب سابق ملازم نے ٹوئٹر پر الزام لگایا کہ اسے اندھیرے میں رکھا گیا اور نہیں بتایا گیا کہ اسے نوکری سے نکال دیا گیا ہے۔سابق ملازم نے ٹوئٹر پر لکھا کہ میں یہ بتانا بھول گیا کہ میں نے پڑھا ہے کہ آپ خود ٹوائلٹ بھی نہیں جا سکتے اور مجھے اس کے بارے میں سن کر افسوس ہوا۔ امریکی شہر سان فرانسسکو میں ٹوئٹر کے ہیڈ کوارٹرز کے اندر ایلون مسک کے محافظ ہر وقت دنیا کے دوسرے امیر ترین شخص کے ساتھ ہوتے ہیں۔ یہاں تک کہ باتھ روم میں بھی ان کے پیچھے ہوتے ہیں۔ یہ دعویٰ ایک میڈیا رپورٹ میں سامنے آیا۔ رپورٹ کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے موجودہ اور سابقہ ملازمین نے بتایا کہ ایلون مسک کے 2 محافظ ٹوئٹر کے دفتر کے اندر ہر وقت ان کے ساتھ ہوتے ہیں۔ 'دفتر میں جہاں بھی وہ (ایلون مسک) جاتے ہیں، وہاں ان کے ساتھ کم از کم 2 محافظ ہوتے ہیں۔ یہاں تک کہ یہ محافظ واش روم میں بھی ان کا پیچھا نہیں چھوڑتے'۔
ٹوئٹر کے سربراہ اور سابق ملازم میں لفظی جنگ، مسک بغیر محافظ ٹوائلٹ بھی نہیں جاتے
Mar 09, 2023