لاہور(خصوصی نامہ نگار) عالمگیری بادشاہی مسجدلاہورمیں شعبان المعظم کی پندرہویں شب،شب برات وشب بیداری کے موقع پر امت مسلمہ کی اتحادو وحدت،پاکستان کے استحکام،ترقی و خوشحالی کیلئے چیئرمین مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی پاکستان /خطیب وامام بادشاہی مسجد لاہور مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے خصوصی دعاء فرمائی اور شب برات میں بڑے اجتماع اور ہزاروں کے مجمع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کی رات شب برات فضیلتوں کی رات ہے،شب برات اللہ تعالیٰ کو منانے کی رات ہے،توبہ استغفار اور رجوع الی اللہ ہی تمام مشکلات کا حل ہے،مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شعبان کی پندرہویں شب برکتوں، رحمتوں،فضیلتوں اور دوزخ سے چھٹکارے والی رات ہے،آئیں ہم سب ملکر اللہ تعالیٰ کے حضور اپنی گناہوں کی معافی مانگیں اور سچے دل سے توبہ استغفار کریں،حضورنبی کریم کا فرمان ہے کہ جب شعبان کی پندرہویں شب ہوتی ہے تو اللہ تعالیٰ کی طرف سے ایک پکارنے ولاپکارتا ہے کہ کیا کوئی مغفرت کا طالب ہے میں اسکی مغفرت کردوں،کیا کوئی مانگنے والاہے میں اس کو عطاء کردوں،اس وقت خدا تعالیٰ سے جو مانگتا ہے ملتا ہے،سوائے بدکار عورت اور مشرک کے،سیرت رحمتہ للعٰالمین ہم سب کے لیے مشعل راہ ہے۔