اسرائیلی حملے میں 6فلسطینیوں کی شہادت پر تشویش،فریقین اشتعال انگیزی سے گریز کریں:اقوام متحدہ

Mar 09, 2023


نیویارک (نیٹ نیوز) اقوام متحدہ کے مشرق وسطیٰ میں امن کے نمائندہ خصوصی نے اسرائیلی حملے میں 6 فلسطینیوں کے شہید اور کشیدگی میں اضافے کے بعد اسرائیل اور فلسطین سے مقبوضہ مغربی کنارے میں قیام امن کیلئے تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی ہے۔ نمائندہ خصوصی ٹوروینس لینڈ نے کہا کہ ہم تشدد کے گھیرے میں ہیں جسے لازمی رکنا چاہئے۔ سکیورٹی کونسل نے یک زبان ہوتے ہوئے تمام فریقین سے تحمل کا مظاہرہ اور کسی بھی قسم کے اشتعال انگیز اقدامات یا بیان بازی سے گریز کرنے کی اپیل کی ہے۔ فلسطینی صدر محمود عباس کے ترجمان نبیل ابوردنہ نے کہا کہ جینن میں پناہ گزینوں کے کیمپ پر راکٹ حملہ ایک مکمل جنگ چھیڑنے کے مترادف ہے۔ اقوام متحدہ کے نمائندے نے فلسطینیوں اور اسرائیلیوں کے ایک دوسرے پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ میں ان مستقل پُرتشدد واقعات پر شدید پریشان ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک قابض طاقت کی حیثیت سے اسرائیل کو اس بات کو یقینی بنانا چاہئے کہ شہری آبادی کا تحفظ یقینی بناتے ہوئے ذمہ داروں کو قرار واقعی سزا دی جائے۔
فلسطینی شہید

مزیدخبریں