معاشی مشکلات پر قابو پالیں  گے اسلام نے سب  سے پہلے خواتین کو حقوق دئیے بلاول

Mar 09, 2023


نیویارک؍ لاہور؍ اسلام آباد (این این آئی+ نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ معاشی مشکلات ہیں تاہم عوام کے تعاون سے مشکل وقت سے نکل جائیں گے۔ ایک انٹرویو میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ  دنیا میں خواتین اور اسلام سے متعلق غلط سوچ ہے، حقیقت میں دین اسلام نے سب سے پہلے عورتوں کو حقوق دیئے، دنیا میں پاکستان، بنگلا دیش میں خاتون وزرائے اعظم رہیں، کسی خاتون کو ریاست کا سربراہ بنانے کا اعزاز ابھی تک امریکا کو حاصل نہیں۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ یو این جنرل اسمبلی کے صدر کے ساتھ اسلامو فوبیا پر کانفرنس رکھ رہے ہیں، کانفرنس میں اسلام اور اقلیتوں سے متعلق ایشوز پر روشنی ڈالیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مسائل ہیں اور ماضی میں بھی مشکل وقت دیکھا ہے، عوام پر بھروسہ ہے مل کر اس کا مقابلہ کریں گے ۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے نیو یارک میں ویمن ان اسلام کانفرنس کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام خواتین کے حقوق کا مکمل تحفظ کرتا ہے۔ نبی کریمؐ نے مرد و عورت کیلئے تعلیم کا حصول لازم قرار دیا۔ مسلمان خواتین نے ہر شعبے میں اہم کردار ادا کیا۔ بی آئی ایس پی پروگرام کے تحت خواتین کو بااختیار بنایا جا رہا ہے۔ معاشی ترقی میں خواتین کا کردار بہت اہمیت رکھتا ہے۔ افغان عبوری حکومت ملک کی ترقی میں خواتین کو شامل کرے۔ افغان عبوری حکومت خواتین پر عائد پابندیاں ختم کرے۔ بلاول بھٹو زرداری نے سپاف کے صوبائی عہدیدار شاہنواز عالم شورو سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ پی پی پی چیئرمین نے شاہنواز عالم شورو سے ان کے بھائی پیر ڈنو شورو کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا۔ 
بلاول 

مزیدخبریں