اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ملک میں بیماریوں کے بوجھ اور خطرات کو کم کرنے کے لیے احتیاطی تدابیر کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کا شعبہ صحت 22 کروڑ سے زائد آبادی کی ضروریات کو پورا کرنے کا متحمل نہیں ہے، اس تناظر میں متعدی اور غیر متعدی بیماریوں کی روک تھام پر توجہ دینا ضروری ہے۔ صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار آزاد جموں کشمیر میڈیکل کالج مظفرآباد (اے جے کے ایم سی) کے طلباء سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے یہاں ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ صدر نے طلباء کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بہت تیزی سے بدل رہی ہے اور ملک کے تعلیمی نظام کو طلباء کی تجزیاتی صلاحیتوں کو بہتر بنانے پر توجہ دے کر بدلتے ہوئے حالات کے مطابق ڈھالنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ طلبائ کو اپنی آئی ٹی کی مہارتوں کو بہتر بنانا چاہیے کیونکہ آئی ٹی زندگی کے ہر پیشے میں وسیع استعمال ہو گی۔ صدر مملکت نے مزید کہا کہ نرسنگ کا پیشہ بہت اہمیت اور وسعت کا حامل ہے اور ملک کو نرسنگ اور پیرا میڈیکل سٹاف کی تعداد بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو نرسوں کی کمی کی صورتحال کا سامنا ہے کیونکہ اسے 9 لاکھ نرسوں کی ضرورت ہے جبکہ اس وقت ملک میں صرف 2 لاکھ نرسیں کام کر رہی ہیں جو بڑھتی ہوئی آبادی کی صحت کی ضروریات کو پورا کرنے سے قاصر ہیں۔
آزاد جموں کشمیر میڈیکل کالج مظفرآباد کے طلباء کی صدر مملکت سے ملاقات
Mar 09, 2023