شہباز سپیڈ نے  تباہی مچا دی،  ڈار کے دعوے بھی دھرے کے دھرے رہ گئے، سراج الحق


اسلام آ باد(نامہ نگار)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ شہباز سپیڈ نے11ماہ میں تباہی مچا دی، معاشی جادوگر کے دعویدار ڈار کے دعوے بھی دھرے کے دھرے رہ گئے، ثابت ہو گیا عمران خان کی طرح یہ لوگ بھی سوفیصد ناکام ہیں۔ پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی نے ایوان کو کھلونا بنایا، عدلیہ، نیب اور الیکشن کمیشن کو نشانے پر رکھا، حکمران ٹرائیکا اسٹیبلشمنٹ کا غلام ہے۔ عالمی طاقتیں پاکستان کو لیبیا، شام کی طرح بنانا چاہتی ہیں، ایک طرف ان کی سازشیں ہیں تو دوسری جانب حکمران سیاسی جماعتیں ان کی سہولت کار، یہ سب ملک میں خانہ جنگی چاہتے ہیں، انہی کی وجہ سے پہلے ملک ٹوٹا آج پھر قومی سلامتی کو شدید خطرہ لاحق ہے، مسائل کا حل الیکشن میں ہے، عوام کو اپنے نمائندے آزادانہ، منصفانہ طریقے سے چننے کا اختیار دیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے عالمی یوم خواتین کے موقع پر اسلام آباد میں خواتین ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جماعت اسلامی حلقہ خواتین نے ریلی کا اہتمام کیا تھا۔ امیر جماعت اسلامی جماعت اسلامی پنجاب شمالی ڈاکٹر طارق سلیم، امیر ضلع اسلام آباد نصراللہ رندھاوا، مرکزی سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین ثمینہ سعید، صوبائی ناظمہ پنجاب شمالی ثمینہ احسان اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

ای پیپر دی نیشن